نئے کرنسی نوٹوں سے متعلق اہم خبر آگئی

نئے کرنسی نوٹوں سے متعلق اہم خبر آگئی

پاکستان میں کرنسی نوٹوں کے نئے ڈیزائن متعارف کرانے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں تاہم اس عمل کو عملی شکل دینے کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو وفاقی حکومت کی حتمی منظوری درکار ہے۔

 نجی ٹی وی  کے مطابق جیسے ہی حکومت کی جانب سے اجازت ملے گی نئی کرنسی کی چھپائی کا باضابطہ عمل شروع کر دیا جائے گا میڈیا رپورٹس کے مطابق سکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان نے واضح کیا ہے کہ نئے کرنسی نوٹ جدید اور عالمی معیار کے سیکیورٹی فیچرز سے مزین ہوں گے۔

ان فیچرز کا بنیادی مقصد جعلی نوٹوں کی روک تھام، کرنسی کی حفاظت کو یقینی بنانا اور عوام کے اعتماد میں اضافہ کرنا ہے تاہم حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت تک نوٹوں کے حتمی ڈیزائن انہیں موصول نہیں ہوئے کیونکہ یہ ڈیزائن اسٹیٹ بینک کی جانب سے شارٹ لسٹ ہو کر وفاقی حکومت کو منظوری کیلئے بھیجے جا چکے ہیں۔

سیکورٹی پرنٹنگ کارپوریشن کے سینئر منیجر پرنٹنگ عامر شمس کے مطابق اسٹیٹ بینک اور کارپوریشن کے درمیان نئی کرنسی کی چھپائی کے حوالے سے تفصیلی مشاورت مکمل ہو چکی ہے۔

یہ بھ پڑھیں : : 10 روپے اور 50 روپے کے نئے کرنسی نوٹ کیسے اور کتنے میں ملیں گے؟

ان کا کہنا ہے کہ جدید مشینری پہلے ہی دستیاب ہے اور تکنیکی سطح پر کوئی رکاوٹ موجود نہیں، منظوری ملنے کے بعد نئی کرنسی کی چھپائی میں کم از کم دو ماہ کا وقت درکار ہوگا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس وقت یہ فیصلہ زیر غور ہے کہ نئی کرنسی کے نوٹ مرحلہ وار متعارف کروائے جائیں یا پھر تمام مالیت کے نوٹ ایک ساتھ جاری کیے جائیں۔اس فیصلے کا مقصد عوام اور مارکیٹ پر کم سے کم دباؤ ڈالنا اور منتقلی کے عمل کو آسان بنانا ہے،ذرائع کے مطابق نئے ڈیزائن والے کرنسی نوٹوں کی چھپائی کا حتمی آرڈر وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد دیا جائے گا۔

اگر کابینہ نے بروقت منظوری دے دی تو امکان ہے کہ 2026 کے اختتام تک نئی کرنسی مارکیٹ میں دستیاب ہو جائے گی ماہرین کا ماننا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف کرنسی کی سیکورٹی بہتر ہوگی بلکہ ملکی مالیاتی نظام میں شفافیت اور اعتماد میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔

editor

Related Articles