امریکا نے دوبارہ حملہ کیا تو اسے تباہ کن جواب دیا جائے گا،ایران

امریکا نے دوبارہ حملہ کیا تو اسے تباہ کن جواب دیا جائے گا،ایران

ایران نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے دوبارہ ایرانی سرزمین پر حملے کی کوشش کی تو اسے پہلے سے کہیں زیادہ تباہ کن جواب کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ایرانی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ محسن رضائی نے امریکی قیادت کی پالیسیوں اور انتظامی صورتحال کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے واشنگٹن میں فیصلہ سازی کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال پر سوالات اٹھا دیے۔

تہران میں ایرانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن رضائی نے کہا کہ امریکا کی سیاسی قیادت اس وقت انتشار کا شکار دکھائی دیتی ہے اور یہ واضح نہیں کہ مذاکرات کے معاملے پر واشنگٹن میں کس عہدیدار سے بات کی جائے۔ ان کے مطابق امریکی انتظامیہ کے اندر پالیسی اور قیادت کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال موجود ہے، جس سے سفارتی معاملات بھی پیچیدگی کا شکار ہو رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :پاکسان، قطر ثالثی کی بڑی کامیابی،ایران امریکہ مذاکرت آج دوحہ میں متوقع،عرب میڈیا کا دعوی

محسن رضائی نے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہ بھی امریکی انتظامیہ کی صورتحال کے حوالے سے اعتراف کر چکے ہیں۔ انہوں نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے مستقبل پر بھی سوالات اٹھائے اور کہا کہ ان کی عہدے سے رخصتی قریب ہے، جبکہ امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کو بھی برطرف کیے جانے کا امکان ہے۔

ایرانی رہنما نے امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی فوجی کمان کے سربراہ نے بھی اپنا کردار تبدیل کرلیا ہے اور وہ پوڈکاسٹر بن گئے ہیں۔

محسن رضائی نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ ایران کسی بھی نئی امریکی فوجی کارروائی کو برداشت نہیں کرے گا اور اگر واشنگٹن نے دوبارہ حملے کا راستہ اختیار کیا تو اسے سخت اور تباہ کن ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ایرانی قیادت کے اس بیان کو امریکا کے لیے ایک نئے فوجی تصادم کے حوالے سے سخت پیغام قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ مذاکرات کے امکانات اور دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں کمی کے حوالے سے بھی غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔

editor

Related Articles