پشاور کی اہم شاہراہ سے عوام کا راستہ کھلوانا ضروری ہے۔ طلال چوہدری

پشاور کی اہم شاہراہ سے عوام کا راستہ کھلوانا ضروری ہے۔ طلال چوہدری

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ محسن نقوی کی نگرانی میں تجاوزات اور غیر قانونی قبضوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں غیر قانونی قبضوں کے پیچھے کوئی بھی طاقتور شخصیت ہو، ریاست کارروائی سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون سب کے لیے یکساں ہے اور کسی کو سیاسی اثرورسوخ، دولت یا طاقت کی بنیاد پر عوامی راستوں اور سرکاری اراضی پر قبضے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

طلال چوہدری نے اپنے بیان میں کہا کہ تجاوزات کے خلاف کارروائیوں کے دوران ایک فائیو اسٹار ہوٹل کی غیر قانونی تعمیر کی دیوار بھی گرائی گئی ہے، جبکہ پشاور میں کاروباری شخصیات کی جانب سے قائم غیر قانونی تجاوزات بھی مسمار کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کارروائیوں کا مقصد عوامی راستے بحال کرنا اور غیر قانونی قبضوں کا خاتمہ ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ اسلام کے نام پر غیر قانونی قبضے جاری نہیں رہ سکتے۔ عوام کا راستہ روکنا کس طرح قانونی ہو سکتا ہے؟ دین میں راستے کھولنے کی تعلیم دی گئی ہے، انہیں بند کرنے کی نہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا کوئی شخص سڑک پر قبضہ کرکے اس پر اپنے والد کا نام لکھ دے تو وہ قبضہ جائز ہو جائے گا؟ کیا سیاست یا اثرورسوخ کی بنیاد پر عوامی شاہراہوں پر قبضہ کیا جا سکتا ہے

یہ بھی پڑھیں:عمران خان کے “ٹائیگرز” کا معصوم مریضوں کی ادویات پر شب خون، جعلی دستاویزات کے ذریعے 30 کروڑ ہڑپ کرنے والا پی ٹی آئی ورکر دھر لیا گیا

طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ ریاست نے لوگوں کو بہت کچھ دیا ہے، لیکن اگر کوئی ریاست کو کچھ واپس نہیں دے سکتا تو کم از کم غیر قانونی سرگرمیوں سے باز رہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی راستوں پر قبضے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور ایسے اقدامات کسی صورت قابل قبول نہیں۔

وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی پر ذاتی حملے کیے گئے، تاہم ان کے مؤقف کا جواب نہیں دیا جا سکا۔ حکومت کسی کو ذاتی حملوں کے ذریعے جواب نہیں دے گی بلکہ قانون کے مطابق کارروائی کرے گی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بعض افراد شہدا کی قربانیوں کا مذاق اڑاتے ہیں اور شہدا کے نام پر مختص پلاٹوں پر بھی قابض ہیں۔ طلال چوہدری کے مطابق ریاست نے ایسے عناصر کو بہت ڈھیل دی، تاہم اب غیر قانونی قبضوں کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں طاقتور اور امیر افراد کی تجاوزات کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ہے۔ پشاور کی ایک اہم شاہراہ پر بھی عوام کا راستہ روکا گیا ہے، جسے کھلوانا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون کی عملداری اور عوامی گزرگاہوں کی بحالی کے لیے کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

طلال چوہدری نے کہا کہ اگر کسی نے جذبات میں آکر بیانات دیے ہیں تو اسے اپنی غلطی کا احساس کرنا چاہیے۔ بڑا آدمی وہی ہوتا ہے جو اپنی غلطی تسلیم کرے اور اس کا احساس کرے۔ انہوں نے زور دیا کہ غیر قانونی قبضوں کے خلاف کارروائی کسی فرد یا طبقے کے خلاف نہیں بلکہ قانون کی عملداری اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے کی جا رہی ہے۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles