پاکستان نے سری لنکا کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر ٹرائی نیشن سیریز کا ٹائٹل جیت لیا

پاکستان نے سری لنکا کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر ٹرائی نیشن سیریز کا ٹائٹل جیت لیا

پاکستان نے تین ملکی ون ڈے ٹرائی نیشن سیریز کے فائنل میں سری لنکا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے فیصلہ کن معرکے میں قومی ٹیم نے 326 رنز کا ہدف 48.3 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ فخر زمان نے 127 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر پاکستان کی کامیابی میں مرکزی کردار ادا کیا۔

سری لنکا کے 325 رنز کے جواب میں پاکستان کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا۔ معاذ صداقت 5 اور بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، تاہم فخر زمان اور سعد بیگ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو مشکلات سے نکالا۔

دونوں بلے بازوں نے تیسری وکٹ کے لیے 149 رنز کی اہم شراکت قائم کی، جس نے بڑے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی فتح کی بنیاد رکھی۔ فخر زمان نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 127 رنز کی یادگار اننگز کھیلی، جبکہ سعد بیگ نے 74 رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔

فخر زمان اور سعد بیگ کی وکٹیں گرنے کے بعد میچ ایک مرتبہ پھر دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا، تاہم عرفات منہاس نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکن بولرز کے خلاف شاندار کھیل پیش کیا۔

عرفات منہاس نے صرف 31 گیندوں پر 61 رنز بنائے اور ٹیم کو فتح کے قریب پہنچایا۔ حسن نواز نے بھی اہم اننگز کھیلتے ہوئے 36 رنز بنائے اور عرفات منہاس کے ساتھ 94 رنز کی قیمتی شراکت قائم کی۔

پاکستان کی جانب سے سلمان علی آغا نے 17 رنز بنائے جبکہ فہیم اشرف بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ آخری لمحات میں مزید وکٹیں گرنے کے باوجود قومی ٹیم نے ہمت نہ ہاری اور کپتان شاہین شاہ آفریدی نے چھکا لگا کر پاکستان کو یادگار فتح دلا دی۔

اس سے قبل سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 325 رنز بنائے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: انگلینڈ کے خلاف سنسنی خیزفتح،صدر مملکت اور وزیراعظم کی قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد

سری لنکا کی جانب سے کامینڈو مینڈس نے شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے 131 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ پاون رتھنایاکے نے 77 رنز بنا کر ٹیم کو بڑے مجموعے تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

پاکستانی بولرز نے آخری اوورز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کو مزید بڑا مجموعہ بنانے سے روکا۔ قومی ٹیم کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور سلمان علی آغا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

میچ کے دوران کپتان شاہین شاہ آفریدی نے قذافی اسٹیڈیم میں ون ڈے میچز کے دوران سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا سابق قومی کپتان وسیم اکرم کا ریکارڈ بھی برابر کردیا۔ دونوں بولرز کے نام اس میدان میں 23، 23 وکٹیں ہیں۔

فائنل میچ دیکھنے کے لیے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ اور خواجہ عمران نذیر بھی قذافی اسٹیڈیم میں موجود تھے۔

پاکستان نے فخر زمان کی شاندار سنچری، سعد بیگ کی ذمہ دارانہ بیٹنگ اور عرفات منہاس کی جارحانہ اننگز کی بدولت سری لنکا کو شکست دے کر تین ملکی ون ڈے سیریز کی ٹرافی اپنے نام کرلی۔

Related Articles