چھوٹے کاروباروں کے لیے بڑی خوشخبری، عالمی منڈیوں تک رسائی اور برآمدی قرضوں کی فراہمی آسان بنانے کا فیصلہ

چھوٹے کاروباروں کے لیے بڑی خوشخبری، عالمی منڈیوں تک رسائی اور برآمدی قرضوں کی فراہمی آسان بنانے کا فیصلہ

 حکومت نے چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کو عالمی منڈیوں تک رسائی دینے اور ملکی برآمدات میں ان کا حصہ بڑھانے کے لیے فوری اقدامات کا فیصلہ کرلیا۔

 وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے چھوٹے برآمد کنندگان کی جانب سے برآمدی قرضوں کی موجودہ سہولتوں سے خاطر خواہ فائدہ نہ اٹھانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسٹیٹ بینک اور ایکسپورٹ امپورٹ بینک کو قرضوں اور مالی سہولتوں تک رسائی بڑھانے کی ہدایت کردی۔

وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی کی زیر صدارت چھوٹی اور درمیانی صنعتوں (ایس ایم ایز) کی برآمدات میں اضافے سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں چھوٹے کاروباروں کو عالمی منڈیوں تک رسائی دینے، برآمدی سرگرمیوں کے فروغ اور درپیش مالی و انتظامی مشکلات کے حل کے لیے حکومتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران وزیر مملکت نے چھوٹے برآمد کنندگان کو قرضوں کی فراہمی میں حائل رکاوٹیں دور کرنے اور موجودہ مالی سہولتوں سے زیادہ سے زیادہ استفادہ یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اسٹیٹ بینک اور ایکسپورٹ امپورٹ بینک کو ہدایت کی کہ چھوٹے برآمد کنندگان تک اپنی رسائی بڑھائی جائے تاکہ وہ دستیاب قرضہ جاتی سہولتوں سے فائدہ اٹھا سکیں۔

اجلاس میں چھوٹے کاروباری افراد کو حکومتی مراعات، برآمدی قرضوں اور دیگر دستیاب مالی سہولتوں سے آگاہ کرنے کے لیے خصوصی آگاہی مہم چلانے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔

شرکاء نے چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کو بین الاقوامی تجارتی نمائشوں میں شرکت اور جدید مشینری کے حصول میں درپیش مشکلات کا بھی جائزہ لیا، جبکہ ان رکاوٹوں کے خاتمے اور کاروباری مواقع بڑھانے سے متعلق مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔

اجلاس کے دوران انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سافٹ ویئر کمپنیوں کے لیے سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے پر بھی غور کیا گیا، جبکہ زرعی اور غذائی مصنوعات کی برآمدات میں اضافے کے لیے متعلقہ شعبوں کو مزید سہولتیں فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا کہ چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کی برآمدات میں اضافے کے لیے مالی سہولتوں تک رسائی بہتر بنانا اور کاروباری سرگرمیوں میں حائل رکاوٹیں دور کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے برآمد کنندگان کی جانب سے پیش کردہ تجاویز پر متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو مشترکہ اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹی صنعتوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مربوط کوششیں کی جائیں۔

بلال اظہر کیانی نے چھوٹے کاروباری اداروں کو مالی اور انتظامی مشکلات سے نکالنے کے لیے حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور چھوٹے برآمد کنندگان کے لیے دستیاب سہولتوں کو زیادہ مؤثر بنانے پر زور دیا۔

Related Articles