سینیٹ کا ٹکٹ اور بدلے میں لگژری گھر، فضل الرحمان کی اسلام آباد میں ایک اور قیمتی جائیداد سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آگئیں

سینیٹ کا ٹکٹ اور بدلے میں لگژری گھر، فضل الرحمان کی اسلام آباد میں ایک اور قیمتی جائیداد سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آگئیں

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے منسوب وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر جی سکس فور میں مزید قیمتی جائیدادوں کی ملکیت اور حصول کے ذرائع سے متعلق سوالات سامنے آگئے۔ فراہم کردہ معلومات کے مطابق اسٹریٹ 84 میں ایک لگژری رہائش گاہ کے تحفے میں دیے جانے اور اسٹریٹ 83 میں ایک سے زائد گھروں کے مولانا فضل الرحمان سے تعلق کے دعووں نے ان جائیدادوں کے سرکاری ریکارڈ اور مالی معاملات کی جانچ کی ضرورت کو اجاگر کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سیکٹر جی سکس فور کی اسٹریٹ 84 میں واقع ایک قیمتی گھر مولانا فضل الرحمان کو دلاور خان کی جانب سے تحفے میں دیا گیا تھا۔ ذرائع نے  گھر کو سینیٹ کے ٹکٹ سے بھی منسلک کیا گیا ہے، تاہم جائیداد کی منتقلی، تحفے کی دستاویز اور سینیٹ ٹکٹ سے اس کے تعلق کا کوئی مصدقہ ریکارڈ فراہم نہیں کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق  دلاور خان کے سگریٹ سازی اور اسمگلنگ کے کاروبار سےوابستہ ہیں۔

اسی طرح سیکٹر جی سکس فور کی اسٹریٹ 83 میں مکان نمبر 11 کو بھی مولانا فضل الرحمان سے منسوب کیا گیا ہے۔ دستیاب تفصیلات کے مطابق اس مکان میں چار الگ الگ پورشنز تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ تاہم اس جائیداد کی قانونی ملکیت، تعمیراتی منظوری اور مولانا فضل الرحمان سے تعلق کی دستاویزات فراہم نہیں کی گئیں۔

دوسری جانب سیکٹر جی سکس فور کی اسٹریٹ 83 میں واقع مکان نمبر 7 کے حوالے سے وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) کی کارروائی کی تفصیلات بھی سامنے آچکی ہیں۔ 30 اکتوبر کو جاری کردہ سی ڈی اے نوٹس میں عمارت کے مقررہ کھلے حصوں میں تعمیرات، سرکاری زمین پر گارڈ پوسٹ اور جنریٹر کی تنصیب پر اعتراضات اٹھائے گئے اور متعلقہ خلاف ورزیاں دور کرنے کے لیے 15 دن کی مہلت دی گئی۔

خاص طور پر اسٹریٹ 84 کی رہائش گاہ کے حوالے سے یہ جاننا ضروری ہے کہ مذکورہ جائیداد کس کے نام رجسٹرڈ ہے، اس کی منتقلی کب ہوئی، کیا واقعی اسے تحفے میں دیا گیا اور اگر ایسا ہوا تو اس کے قانونی و مالی معاملات کی تفصیلات کیا ہیں؟

اسی طرح مکان نمبر 11، اسٹریٹ 83 میں چار پورشنز کی تعمیر کے حوالے سے بھی سی ڈی اے کے متعلقہ ریکارڈ اور منظور شدہ نقشے کی جانچ اہمیت رکھتی ہے۔

Related Articles