کراچی کے معروف شاپنگ سینٹر گل پلازہ میں گزشتہ رات پیش آنے والی آتشزدگی نے نہ صرف انسانی جانوں کا نقصان کیا بلکہ اقتصادی طور پر بھی بھاری نقصان پہنچایا۔ واقعہ تقریباً رات 9 بج کر 45 منٹ سے 10 بج کر 15 منٹ کے درمیان پیش آیا، جس کے نتیجے میں 1200 سے زائد دکانیں جل گئیں۔
فائر بریگیڈ کی کارروائی کے بعد آگ پر تقریباً 60 سے 70 فیصد قابو پایا گیا ہے تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق اب تک چھ افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔سانحہ گل پلازہ کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے رابطہ کیا اور متاثرین کی مدد کے لیے سندھ حکومت کو مکمل تعاون کی پیشکش کی۔ وزیراعظم نے اس سانحہ پر گہرے افسوس کا اظہار کیا اور کہا کے متاثرین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی اس سانحہ پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی اور کہا کہ اس حادثے میں بھاری مالی نقصان بھی ہوا ہے۔ علاوہ ازیں، انہوں نے آگ بجھانے کے دوران جان کی بازی ہارنے والے فائر فائٹر کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔
سانحہ گل پلازہ نے نہ صرف کاروباری سرگرمیوں کو متاثر کیا بلکہ اس سے شہری زندگی پر بھی گہرا اثر پڑا ہے۔ حکومت سندھ اور وفاقی حکومت کے اقدامات سے توقع کی جا رہی ہے کہ متاثرین کو فوری امداد فراہم کی جائے گی اور نقصان کی تلافی کے اقدامات کیے جائیں گے۔