وفاقی دارالحکومت سمیت مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے، شہریوں میں خوف و ہراس

وفاقی دارالحکومت سمیت مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے، شہریوں میں خوف و ہراس

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، آزاد کشمیر، پشاور، گلگت بلتستان اور ہنزہ سمیت ملک کے مختلف حصوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، اچانک آنے والے زلزلے سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.8 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز شمال مغربی کشمیر کا علاقہ بتایا گیا ہے جبکہ اس کی گہرائی زمین کے اندر 10 کلومیٹر تھی، ماہرین کے مطابق کم گہرائی کے باعث جھٹکے زیادہ شدت سے محسوس کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں:انڈونیشیا میں 6.2 شدت کا خوفناک زلزلہ، عمارتیں لرز اٹھیں، سونامی کا خدشہ

اسلام آباد اور راولپنڈی میں زلزلے کے جھٹکوں کے باعث بلند و بالا عمارتیں لرز اٹھیں، دفاتر، تعلیمی اداروں اور رہائشی علاقوں میں موجود افراد خوفزدہ ہو کر کھلے مقامات کی جانب دوڑ پڑے، بعض علاقوں میں چند سیکنڈ تک زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے رہے۔

آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے شدید نوعیت کے تھے، مقامی افراد کے مطابق پہاڑ لرز اٹھے اور گھروں میں رکھا سامان ہلنے لگا، اسی طرح پشاور، گلگت بلتستان اور ہنزہ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی، تاہم متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ٹیمیں تیار ہیں۔

ماہرین ارضیات کا کہنا ہے کہ خطہ زلزلہ خیز پٹی میں واقع ہے، اس لیے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں، جبکہ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *