چھنگ تائو (رضا خان) : چین دیگر شعبوں کے ساتھ ساتھ صحت کے شعبے میں بھی تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے، صحت کے شعبے سے وابستہ چینی کمپنیاں ایسی اشیاء اور آلات تیار کر رہی ہیں جنہوں نے اس شعبے میں انقلاب برپا کر دیا ہے۔
چین کے شہر چھنگ تائو میں واقع چینی کمپنی کانگ تائو ایسی طبی مشینیں تیار کر رہی ہے جن کے استعمال سے جسمانی طور پر معذور یا کمزور افراد بحالی کی طرف گامزن ہو سکتے ہیں، ان مشینوں میں ورکنگ چیئرز، واکنگ مشینز اور ورزش کی مشینیں قابل ذکر ہیں۔
اس حوالے سے میڈیا کے نمائندوں کو کمپنی کے دورے کے موقع پر بتایا گیا کہ معذور افراد ان مشینی آلات کے استعمال سے ہلکی پھلی واک کر سکتے ہیں اور روزمرہ امور کے معمولی کام بغیر کسی انسانی سہارے کے انجام دے سکتے ہیں۔
اسی طرح معذور افراد آرٹیفیشل انٹیلجنس سے مزین ان مشینی آلات کے ذریعے بغیر گرے ورزش بھی کر سکتے ہیں۔
قیمتی ادویات اور خون کو محفوظ رکھنے کیلئے جدید ریفریجریٹر
اسی طرح ہائیر بائیو میڈیکل کمپنی درجہ حرات کو کنٹرول کرنے والی ایسی مشینیں اور ریفریجریٹر تیار کر رہی ہے جہاں قیمتی ادویات اور خون کو محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔
کمپنی کے مطابق کئی حساس اور قیمتی ادویات کو ایک جگہ سے دوسرے جگہ منتقل کرنے اور انہیں ایک مخصوص درجہ حرارت میں سٹور کرنے کے لیے بائیو میڈیکل ریفریجریٹر کی ضرورت ہوتی ہے ورنہ ادویات اور خون کے خراب ہونے کا خدشہ ہوتا ہے لہذا یہ کمپنی جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ایسے ریفریجریٹر تیار کر رہی ہے جو صحت کے شعبے کی اہم اور بنیادی ضرورت ہیں۔
جھینگوں سے اومیگا تھری تیار کرنے کا جدید طریقہ
اسی طرح فنگشن ٹیکنالوجی کمپنی سمندر سے کرس (جھینگا ) تلاش کر کے جدید پلانٹ کی مدد سے ان کا تیل تیار کرتی ہے جس سے جسمانی طاقت کے لیے اومیگا تھری تیار کیا جاتا ہے۔
کمپنی کے مطابق اومیگا تھری کی تیاری کے تمام مراحل ٹیکنالوجی کی مدد جدید آلات کے ذریعے طے کیے جاتے ہیں ، یہ جدید مشینوں اور ٹیکنالوجی کا یہ استعمال مستقبل میں صحت کے شعبے کو مزید بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔