پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ اعلان کے مطابق سلمان علی آغا کو پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے، جو ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی سربراہی کریں گے۔
اعلان کردہ اسکواڈ میں فہیم اشرف، خواجہ محمد نافع، محمد سلمان مرزا، صاحبزادہ فرحان، عثمان طارق، ابرار احمد، بابر اعظم، فخر زمان، محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی، عثمان خان، صائم ایوب، شاداب خان اور نسیم شاہ شامل ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق یہ اسکواڈ ورلڈ کپ کے دوران مختلف کنڈیشنز اور میچز کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تشکیل دیا گیا ہے۔
پاکستان ٹیم اپنی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ مہم کا آغاز 7 فروری کو نیدرلینڈز کے خلاف میچ سے کرے گی۔ ٹورنامنٹ کے میچز 7 فروری سے 8 مارچ تک جاری رہیں گے، جس دوران دنیا بھر کی بہترین ٹیمیں عالمی اعزاز کے لیے ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔
ورلڈ کپ سے قبل قومی ٹیم اپنی تیاریوں کا باقاعدہ آغاز آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز سے کرے گی۔ اس سیریز کو ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے اہم مرحلہ قرار دیا جا رہا ہے، جس میں کھلاڑیوں کو اپنی فارم، کمبی نیشن اور حکمت عملی کو جانچنے کا موقع ملے گا۔