ضلع اورکزئی میں شدید بارشوں اور برف باری کے باعث سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ہمہ وقت امدادی اور ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں، ناسازگار موسمی حالات کے باوجود فورسز نے مقامی آبادی کو درپیش مشکلات کے فوری حل کے لیے بروقت اور مؤثر اقدامات کیے۔
شدید برف باری کے دوران ضلع اورکزئی کے دور افتادہ علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے ایک خصوصی امدادی آپریشن مکمل کیا، جس کا مقصد متاثرہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا اور بنیادی زمینی رابطے بحال کرنا تھا۔
حالیہ برف باری کے باعث گاؤں کالایہ دربار کو جانے والے تمام راستے مکمل طور پر بند ہو گئے تھے، جس سے نہ صرف آمد و رفت معطل ہو گئی بلکہ ایک سوگوار خاندان کے لیے اپنے عزیز کی تدفین بھی ممکن نہ رہی۔
راستوں کی بندش کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز نے ہنگامی بنیادوں پر بھاری مشینری اور اضافی افرادی قوت کو متحرک کیا،شدید سردی اور مسلسل برف باری کے باوجود اہلکاروں نے دن رات محنت کرتے ہوئے برف ہٹائی اور راستہ بحال کیا۔
ریسکیو آپریشن کی کامیابی کے بعد مقامی شہری کی نمازِ جنازہ اور تدفین بروقت، باوقار اور پُرامن انداز میں انجام پا سکی،جس پر متاثرہ خاندان اور اہلِ علاقہ نے سیکیورٹی فورسز کے کردار کو سراہا۔
مقامی عمائدین اور عوام نے فورسز کے اس ہمدردانہ، انسانی اور بروقت اقدام پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں سکیورٹی فورسز نے عوام کا سہارا بن کراعتماد کو مزید مضبوط کیا ہے۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق پاک فوج مشکل کی ہر گھڑی میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور علاقائی امن کے ساتھ ساتھ شہریوں کی سماجی اور فلاحی بہبود کے لیے اپنی خدمات پوری لگن سے جاری رکھے گی۔