بزنس ٹائیکون ملک ریاض کا مال آف اسلام آباد بحق سرکار ضبط

بزنس ٹائیکون ملک ریاض کا مال آف اسلام آباد بحق سرکار ضبط

احتساب عدالت نے نیب کی جانب سے دائر کی گئی شکایت پر اہم پیش رفت کرتے ہوئے معروف کاروباری شخصیت ملک ریاض، بینا ریاض، احمد ریاض سمیت 6 افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں، جبکہ عدالتی حکم پر مال آف اسلام آباد کو بحق سرکار ضبط کر لیا گیا ہے۔

عدالت میں نیب پراسیکیوٹرز منظور شاہ اور حنا اشرف نے تفتیشی افسر کی تفصیلی رپورٹ جمع کروائی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ معاملے کی مکمل تحقیقات کے بعد باقاعدہ شکایت دائر کی جا چکی ہے۔ نیب کے تفتیشی افسر محمد رمضان نے رپورٹ میں بتایا کہ شواہد اور ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے بعد ملزمان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:مالی بحران شدت اختیار کر گیا، ملک ریاض کے ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارم ’نُقطہ‘ سے 40 ملازمین فارغ

عدالت نے کیس کی سماعت کے دوران 3 ملزمان کو 5، 5 لاکھ روپے بطور ضمانت جمع کرانے کا حکم بھی جاری کیا، جبکہ دیگر ملزمان کے خلاف وارنٹ گرفتاری پر عمل درآمد کی ہدایت کی گئی۔

عدالتی احکامات کے مطابق مال آف اسلام آباد کو تحویل میں لے کر بحق سرکار ضبط کر لیا گیا ہے، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی متعلقہ اداروں کو ارسال کر دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:عمران خان کے دور میں بحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض سے متعلق چھپائے گئےایف بی آر کے مشتبہ بے نامی نوٹسز منظر عام پر آ گئے

نیب حکام کے مطابق یہ کارروائی مالی بے ضابطگیوں اور قومی خزانے کو مبینہ نقصان کے الزامات کے تحت کی گئی ہے، جبکہ کیس کی مزید سماعت میں ملزمان کی پیشی اور آئندہ لائحہ عمل کا تعین کیا جائے گا۔

عدالت نے واضح کیا کہ قانون کے مطابق تمام فریقین کو صفائی کا پورا موقع دیا جائے گا، تاہم عدالتی احکامات پر عمل درآمد میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

Related Articles