ملک بھر میں بجلی مہنگی ہونےکاامکان

ملک بھر میں بجلی مہنگی ہونےکاامکان

ملک بھر میں بجلی صارفین کے لیے بری خبر آگئی، کیونکہ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کے نرخوں میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

 اس سلسلے میں بجلی کی قیمت میں 48 پیسے فی یونٹ اضافہ کرنے کی درخواست نیپرا میں دائر کر دی گئی ہے، جس پر ریگولیٹری اتھارٹی جلد سماعت کرے گی،  یہ درخواست سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے، جو دسمبر 2025 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ سے متعلق ہے۔

ذرائع کے مطابق سی پی پی اے نے بجلی پیدا کرنے کی لاگت میں اضافے کو بنیاد بناتے ہوئے یہ درخواست نیپرا میں جمع کرائی ہے،  اگر نیپرا نے اس درخواست کی منظوری دے دی تو ملک بھر کے صارفین کو آنے والے بلوں میں اضافی مالی بوجھ برداشت کرنا پڑ سکتا ہے، یہ اضافہ عام صارفین کے ساتھ ساتھ صنعتی اور کمرشل صارفین پر بھی اثر انداز ہو گا۔

ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی ہو گا، جس کے باعث کراچی سمیت دیگر علاقوں میں بجلی استعمال کرنے والوں کے لیے بھی بجلی مہنگی ہونے کا امکان ہے۔

 اس وقت ملک بھر میں نومبر کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ لاگو ہے، جس کے تحت بجلی کی قیمت میں 93 پیسے فی یونٹ کمی کی گئی تھی، اس کمی سے صارفین کو عارضی ریلیف ضرور ملا، تاہم اب نئی ایڈجسٹمنٹ کی درخواست نے عوامی تشویش میں اضافہ کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : عوام ہوشیار ! پی ٹی اے نے موبائل خریدنے والوں کو خبردار کردیا

ماہرین توانائی کے مطابق فیول کی عالمی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ، بجلی گھروں کی پیداواری لاگت اور درآمدی ایندھن پر انحصار بجلی کے نرخوں میں تبدیلی کی بڑی وجوہات ہیں، ان کا کہنا ہے کہ جب بھی ایندھن مہنگا ہوتا ہے تو اس کا براہِ راست اثر ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے ذریعے صارفین پر منتقل کر دیا جاتا ہے۔

نیپرا کی جانب سے سماعت کے بعد فیصلہ سامنے آئے گا کہ بجلی کی قیمت میں یہ اضافہ نافذ کیا جائے گا یا نہیں، اگر منظوری ملتی ہے تو یہ اضافہ آئندہ مہینوں کے بجلی بلوں میں شامل ہو گا، جس سے پہلے ہی مہنگائی کے دباؤ میں آئے عوام کے لیے بجلی کے اخراجات مزید بڑھ سکتے ہیں۔

editor

Related Articles