اسلامی ممالک کے فوجی انسداد دہشت گردی اتحاد نے پاکستان کا ایک اہم دورہ شروع کر دیا ہے، جس کا مقصد دہشت گردی کے خلاف مشترکہ اقدامات کو فروغ دینا اور رکن ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
ذرائع کے مطابق سعودی عرب کے سیکرٹری جنرل کی قیادت میں اسلامک ملٹری کاؤنٹر ٹیررازم کوالیشن کا وفد 2 سے 8 فروری تک پاکستان میں قیام کرے گا۔ اس اتحاد میں 43 اسلامی ممالک شامل ہیں، جو دہشت گردی کے خلاف مشترکہ حکمت عملی پر کام کر رہے ہیں۔
دورے کے دوران اتحاد کا 17 رکنی وفد انسداد دہشت گردی سے متعلق ایک خصوصی تربیتی پروگرام کا افتتاح کرے گا۔ اس پروگرام کا مقصد جدید تقاضوں کے مطابق انسداد دہشت گردی کی حکمت عملی، آپریشنل تیاری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانا ہے، تاکہ دہشت گردی کے خطرات سے مؤثر طور پر نمٹا جا سکے۔
وفد کے شیڈول میں پاکستانی عسکری اور سیکیورٹی حکام سے ملاقاتیں بھی شامل ہیں، جن میں دہشت گردی کے خلاف تعاون، تربیتی منصوبوں اور معلومات کے تبادلے پر بات چیت کی جائے گی۔
سعودی وفد کا یہ دورہ پاکستان اور اسلامی دنیا کے درمیان دہشت گردی کے خلاف بڑھتے ہوئے اعتماد اور تعاون کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق انسداد دہشت گردی کے شعبے میں پاکستان کے تجربات اسلامی ممالک کے لیے اہمیت رکھتے ہیں اور اسی وجہ سے اسلامی دنیا میں پیشہ ورانہ فوجی تعاون کے لیے پاکستان کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔
امید کی جا رہی ہے کہ یہ دورہ دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں کو مزید مؤثر بنانے اور اسلامی ممالک کے درمیان عملی تعاون کو وسعت دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔