گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے، بلند و بالا پہاڑوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی جبکہ سردی کی شدت میں بھی نمایاں اضافہ ہوگیا ہے۔ برفباری کے باعث بابوسر ٹاپ کو عارضی طور پر ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔
گلگت بلتستان کے مختلف پہاڑی علاقوں میں موسم سرما کی برفباری کا آغاز ہوگیا ہے۔ بابوسر، خنجراب اور برزول کے پہاڑوں پر ہلکی برفباری ریکارڈ کی گئی جبکہ بعض علاقوں میں وقفے وقفے سے بوندا باندی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
برفباری کے باعث بابوسر ٹاپ پر ٹریفک کی آمدورفت عارضی طور پر معطل کردی گئی ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں مزید برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے۔
دوسری جانب آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی بارش اور برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ وادی نیلم کے بلند پہاڑوں، مکڑا، گنجا پہاڑ، پیر چناسی، باغ اور حویلی کے پہاڑی علاقوں میں برفباری ہوئی ہے، جس کے بعد پہاڑی سلسلے برف سے ڈھک گئے ہیں۔
مظفرآباد شہر اور گردونواح میں ہلکی بارش کے باعث موسم مزید سرد ہوگیا ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی محسوس کی جارہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارش اور برفباری کا سلسلہ 14 نومبر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ انتظامیہ نے سیاحوں اور مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پہاڑی علاقوں میں سفر کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
