پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کی سابق اہلیہ اور بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے اپنے بیٹے اذہان مرزا ملک کی آٹھویں سالگرہ کے موقع پر سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پیغام شیئر کیا ہے، جسے مداحوں کی جانب سے خوب پسند کیا جا رہا ہے۔
ثانیہ مرزا نے انسٹاگرام پر بیٹے کے ساتھ دو خوبصورت تصاویر پوسٹ کیں۔ ان تصاویر میں آٹھ سال کا فرق نمایاں ہے، جو ماں اور بیٹے کے بدلتے وقت اور خوبصورت رشتے کی عکاسی کرتا ہے۔
اپنے پیغام میں ثانیہ مرزا نے بیٹے کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ دنیا کے سب سے بڑے اور مہربان دل والے بہترین بچے کو سالگرہ مبارک ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی زندگی میں بیٹے کی موجودگی ان کے لیے خوشی کی بات ہے اور وہ اذہان کا شکریہ ادا کرتی ہیں کہ اس نے انہیں اپنی ماں بنایا۔
سوشل میڈیا صارفین اور مداحوں نے بھی اذہان کو سالگرہ کی مبارکباد دی اور اس کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کیا۔
بیٹے کی معصوم شرارتوں پر بھی ثانیہ مرزا کی دلچسپ پوسٹ
یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ ثانیہ مرزا نے بیٹے کے ساتھ اپنی خوبصورت یادیں مداحوں کے ساتھ شیئر کی ہوں۔ اس سے قبل انہوں نے ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی تھی جس میں اذہان اپنی والدہ کے کان میں کچھ سرگوشی کرتے دکھائی دیے۔
ثانیہ نے اس ویڈیو پر مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ان کے بیٹے کے رازوں میں 50 فیصد ہوا، 49 فیصد تھوک اور صرف ایک فیصد معلومات شامل ہوتی ہیں۔ انہوں نے کیپشن میں مزید کہا کہ انہیں بیٹے کی بات تو سمجھ نہیں آئی، البتہ اپنا کان ضرور صاف کرنا پڑا۔
ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کی ازدواجی زندگی
واضح رہے کہ ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کی شادی اپریل 2010 میں ہوئی تھی۔ ان کے ہاں 30 اکتوبر 2018 کو بیٹے اذہان مرزا ملک کی پیدائش ہوئی۔ جنوری 2024 میں ثانیہ مرزا کی جانب سے شعیب ملک سے علیحدگی کی تصدیق سامنے آئی تھی۔ اس کے بعد دونوں اپنی زندگی الگ الگ گزار رہے ہیں۔