سیف علی خان کے بیٹے کا رشتہ ختم؟ پلک تیواری سے علیحدگی کی وجہ سامنے آگئی

سیف علی خان کے بیٹے کا رشتہ ختم؟ پلک تیواری سے علیحدگی کی وجہ سامنے آگئی

بالی ووڈ کی نوجوان اداکارہ پلک تیواری اور اداکار سیف علی خان کے صاحبزادے ابراہیم علی خان کے درمیان مبینہ طور پر علیحدگی ہوگئی ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں نے باہمی رضامندی سے اپنا تعلق ختم کرنے کا فیصلہ کیا، تاہم اس فیصلے کی پہل ابراہیم کی جانب سے کیے جانے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس میں انڈسٹری سے وابستہ ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ دونوں نے خوش اسلوبی سے علیحدگی اختیار کی ہے اور اب اپنے اپنے کیریئر پر توجہ دینا چاہتے ہیں۔

مشترکہ شوٹ بھی ملتوی ہونے کی اطلاعات

میڈیا رپورٹس کے مطابق پلک تیواری اور ابراہیم علی خان کا ایک مشترکہ شوٹ منسوخ یا عارضی طور پر ملتوی کردیا گیا ہے۔ ایک ذریعے کا کہنا ہے کہ علیحدگی کی اصل وجہ واضح نہیں، تاہم دونوں اپنے ذاتی معاملات کو عوامی بحث کا موضوع نہیں بنانا چاہتے۔ ابھی تک پلک تیواری یا ابراہیم علی خان میں سے کسی نے بھی بریک اپ کی خبروں کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔

یہ بھی پڑھیں:ہانیہ اور عاصم پھر ایک ساتھ؟ سالگرہ کی ویڈیو نے نئی بحث چھیڑ دی

2022 میں شروع ہوئی تھیں تعلقات کی افواہیں

پلک اور ابراہیم کے درمیان قربت کی خبریں 2022 میں اس وقت سامنے آئی تھیں جب دونوں کو ممبئی کے ایک ریسٹورنٹ کے باہر ایک ساتھ دیکھا گیا تھا۔ اس موقع پر پلک کو مبینہ طور پر پاپارازی کیمروں سے اپنا چہرہ چھپاتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔

بعد ازاں دونوں کو مختلف تقریبات، پارٹیوں اور دیگر مواقع پر ایک ساتھ دیکھا جاتا رہا، جس کے بعد ان کے تعلقات سے متعلق قیاس آرائیاں زور پکڑنے لگیں۔ تاہم دونوں نے کبھی اپنے رشتے کو باضابطہ طور پر تسلیم نہیں کیا۔

کون ہیں پلک تیواری اور ابراہیم علی خان؟

پلک تیواری معروف اداکارہ شویتا تیواری کی بیٹی ہیں اور فلمی دنیا میں اپنی شناخت بنانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ دوسری جانب ابراہیم علی خان، اداکار سیف علی خان اور اداکارہ امریتا سنگھ کے صاحبزادے ہیں۔ وہ بھی بالی ووڈ میں اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کر چکے ہیں۔

واضح رہے کہ دونوں کی علیحدگی سے متعلق خبریں تاحال میڈیا رپورٹس اور ذرائع کے دعووں پر مبنی ہیں، ان کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔

editor

Related Articles