سونا مہنگا ہوگا یا سستا؟ 2027 کیلئے عالمی مالیاتی اداروں کی نئی پیش گوئیاں سامنے آگئیں

سونا مہنگا ہوگا یا سستا؟ 2027 کیلئے عالمی مالیاتی اداروں کی نئی پیش گوئیاں سامنے آگئیں

2027 میں سونے کی قیمتوں میں اضافے یا کمی کے حوالے سے عالمی مالیاتی اداروں نے اپنی پیش گوئیاں جاری کردی ہیں۔ 

بعض بڑے بینکوں کے مطابق سونے کی قیمت 5 ہزار 400 ڈالر فی اونس تک پہنچ سکتی ہے، جبکہ عالمی بینک نے آئندہ سال قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا ہے۔رواں سال کے آخری مہینوں میں پاکستان سمیت عالمی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل کمی ریکارڈ کی جارہی ہے۔

 پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت 3 لاکھ 76 ہزار 336 روپے جبکہ عالمی مارکیٹ میں فی اونس قیمت 3 ہزار 538 ڈالر کی سطح پر آگئی ہے ، عالمی مارکیٹ میں 2027 کے دوران سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے مختلف امکانات ظاہر کیے جارہے ہیں۔

 بعض مالیاتی ادارے قیمتوں میں مزید اضافے کی توقع رکھتے ہیں، جبکہ کچھ اداروں کا خیال ہے کہ عالمی معاشی حالات کے باعث سونا مزید سستا ہوسکتا ہے۔

جے پی مورگن پرائیویٹ بینک نے نومبر کی سرمایہ کاری رپورٹ میں پیش گوئی کی ہے کہ 2027 کے اختتام تک سونے کی قیمت 4 ہزار 450 سے 4 ہزار 750 ڈالر فی اونس کے درمیان رہ سکتی ہے۔

 ادارے کے مطابق جغرافیائی سیاسی کشیدگی، افراط زر اور ڈالر کے متبادل سرمایہ کاری کے رجحان کے باعث سونے کی طویل مدتی اہمیت برقرار رہنے کا امکان ہے۔دوسری جانب گولڈمین سیکس (Goldman Sachs) نے 2027 کے لیے سونے کی قیمت کا ہدف 5 ہزار 400 ڈالر سے کم کرکے 4 ہزار 800 ڈالر فی اونس کردیا ہے۔

 اس کمی کی وجہ امریکی فیڈرل ریزرو کی سخت مالیاتی پالیسی اور شرح سود بلند رہنے کے امکانات بتائے گئے ہیں۔کینیڈین مالیاتی ادارے سی آئی بی سی نے 2027 میں سونے کی اوسط قیمت 5 ہزار 200 ڈالر فی اونس رہنے کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ اس کا سابقہ تخمینہ 6 ہزار 500 ڈالر تھا۔

عالمی بینک کا نقطہ نظر دیگر اداروں کے مقابلے میں زیادہ محتاط ہے۔ ادارے کے مطابق 2027 میں سونے کی اوسط قیمت 4 ہزار 250 ڈالر فی اونس رہ سکتی ہے، جو 2026 کے لیے متوقع 4 ہزار 600 ڈالر کی اوسط قیمت سے 7.6 فیصد کم ہوگی۔

سونے کی قیمتوں میں کمی کی بڑی وجوہات

پاکستان سمیت دنیا بھر میں سونے کی قیمتوں میں حالیہ گراوٹ کے پیچھے کئی اہم عوامل کارفرما ہیں۔ ان میں امریکی ڈالر کی مضبوطی، فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں اضافے کے امکانات اور سرمایہ کاروں کی جانب سے سونے کی فروخت شامل ہیں۔

عام طور پر سونے کو مہنگائی، معاشی غیر یقینی صورتحال اور جنگ کے دوران محفوظ سرمایہ کاری تصور کیا جاتا ہے، تاہم موجودہ حالات میں امریکی معاشی پالیسیوں اور عالمی مالیاتی منڈیوں کی تبدیلیوں نے سونے کی قیمتوں پر دباؤ بڑھا دیا ہے۔عالمی مارکیٹ میں سونا سستا ہونے کی 6 بڑی وجوہات درج ذیل ہیں۔

امریکی ڈالر کی مضبوطی

امریکی ڈالر تقریباً 19 ماہ کی بلند ترین سطح کے قریب پہنچ گیا ہے۔ عالمی مارکیٹ میں سونے کی خرید و فروخت ڈالر میں ہونے کے باعث ڈالر کی قدر میں اضافے سے دیگر کرنسیوں میں سونا مہنگا ہوجاتا ہے، جس سے اس کی طلب متاثر ہوتی ہے۔

امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں اضافے کا امکان

امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے دسمبر 2026 میں شرح سود میں 0.25 فیصد اضافے کے امکانات کو بھی سونے کی قیمتوں میں کمی کی اہم وجہ قرار دیا جارہا ہے، شرح سود میں اضافے سے سرمایہ کاروں کو بینکوں اور امریکی بانڈز میں سرمایہ کاری کے ذریعے بہتر منافع ملنے کی توقع ہوتی ہے، جبکہ سونا کوئی مقررہ منافع فراہم نہیں کرتا۔ یہی وجہ ہے کہ سرمایہ کار سونے کے بجائے دیگر سرمایہ کاری کے ذرائع کو ترجیح دے سکتے ہیں۔

 امریکی بانڈز پر منافع کی شرح میں اضافہ

امریکی ٹریژری بانڈز کے منافع (Yield) میں اضافے نے بھی سونے کی کشش کم کردی ہے۔ سرمایہ کار ایسے اثاثوں میں سرمایہ لگانے کو ترجیح دیتے ہیں جہاں انہیں باقاعدہ منافع حاصل ہونے کی توقع ہو، جبکہ سونا اپنے مالک کو سود یا مستقل آمدن فراہم نہیں کرتا۔

 سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع کا حصول

2026 کے آغاز میں سونے کی قیمتیں تاریخی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھیں۔ قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کے بعد متعدد سرمایہ کاروں نے اپنا منافع محفوظ بنانے کے لیے سونا فروخت کرنا شروع کردیا، جس سے عالمی مارکیٹ میں قیمتوں پر مزید دباؤ بڑھ گیا۔

یہ بھی پڑھیں : کرپٹو مارکیٹ میں بھونچال، بٹ کوائن دو سال کی کم ترین سطح پر آ گیا

عالمی اسٹاک مارکیٹ میں مندی اور سرمایہ نکالنے کا دباؤ

مصنوعی ذہانت (AI) سے وابستہ کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں بڑی گراوٹ کے بعد بعض سرمایہ کاروں نے دیگر اثاثے بھی فروخت کیے تاکہ نقصانات پورے کرنے کے لیے نقد رقم حاصل کرسکیں۔

رائٹرز کے مطابق امریکی ٹیکنالوجی کمپنی نیوڈیا (Nvidia) کی مارکیٹ ویلیو میں اکتوبر کے آغاز سے تقریباً 1.9 ٹریلین ڈالر کی کمی نے بھی سونے کی فروخت کے دباؤ میں اضافہ کیا۔

 مرکزی بینکوں اور زیورات کی طلب میں تبدیلی

مرکزی بینکوں کی جانب سے سونے کی خریداری اور سرمایہ کاری کی طلب اس کی قیمتوں کو سہارا دینے والے اہم عوامل ہیں، تاہم بعض مارکیٹوں میں زیورات اور سونے کے سکوں کی طلب کمزور پڑ رہی ہے۔

رائٹرز کے مطابق پولینڈ کا مرکزی بینک اپنے 700 ٹن سونے کے ذخائر کا ہدف حاصل کرنے کے بعد مزید خریداری روکنے پر غور کررہا ہے، جبکہ چین کے مرکزی بینک کی جانب سے سونے کی خریداری کا سلسلہ جاری ہے۔

عالمی مالیاتی اداروں کی ان مختلف پیش گوئیوں کے باعث 2027 میں سونے کی قیمتوں کا مستقبل غیر یقینی دکھائی دیتا ہے، جس کے اثرات پاکستان سمیت دنیا بھر کی مقامی سونے کی مارکیٹوں پر بھی مرتب ہوسکتے ہیں۔

editor

Related Articles