وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی یوم جمہوریت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آئین پاکستان ملک کے تمام شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق کا محافظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے بنیادی اصولوں کو مضبوط بنانا، عوامی رائے کا احترام کرنا، مساوات اور انصاف کو فروغ دینا اور قانون کی بالادستی یقینی بنانا قومی ذمہ داری ہے۔
پاکستان آج دنیا کے دیگر ممالک کے ساتھ عالمی یوم جمہوریت منا رہا ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ یہ دن جمہوری اقدار سے وابستگی کے اعادے اور جمہوری نظام کی اہمیت کو اجاگر کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
جمہوری اقدار کے فروغ پر زور
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جمہوریت کا بنیادی مقصد عوام کی رائے اور ان کے حقوق کا احترام ہے۔ جمہوری نظام میں ریاستی اختیارات عوام کے منتخب نمائندوں کے ذریعے عوامی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :تالی دونوں ہاتھوں سے بچتی ہے، اپوزیشن کو بات چیت شروع کرنے کی دعوت دیتا ہوں، وزیر اعظم شہباز شریف
ان کے مطابق پارلیمان ملک کا بنیادی جمہوری ادارہ ہے جو عوام کی نمائندگی کرتا ہے اور قانون سازی کے ذریعے ریاستی معاملات کو آگے بڑھانے میں مرکزی کردار ادا کرتا ہے۔
آئین ریاست اور شہریوں کے تعلق کی بنیاد
وزیراعظم نے کہا کہ آئین پاکستان ریاست اور شہریوں کے درمیان تعلق کو قانونی شکل دیتا ہے۔ آئین کا آرٹیکل 25 تمام شہریوں کو مساوی حقوق اور قانون کی نظر میں برابری کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔
ان کے مطابق آئین نہ صرف شہریوں کے حقوق کا تعین کرتا ہے بلکہ وفاقی اکائیوں، قومی اداروں اور ریاستی نظام کے مختلف حصوں کے کردار اور دائرہ کار کو بھی واضح کرتا ہے۔
پارلیمان کا اہم کردار
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کا وفاقی پارلیمانی نظام عوامی مفاد اور اسلامی اصولوں کے مطابق قانون سازی کا اختیار پارلیمان کو دیتا ہے۔ موجودہ دور میں حالات تیزی سے تبدیل ہورہے ہیں اور عوام کی ضروریات بھی وقت کے ساتھ بدل رہی ہیں۔
وزیراعظم کے مطابق بدلتے ہوئے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے عوامی امنگوں اور ضروریات کے مطابق قانون سازی کرنا پارلیمان کی بنیادی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔
خواتین کی سیاسی نمائندگی
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں خواتین کی قومی زندگی میں بھرپور شرکت کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان خواتین کی شرکت اور ان کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے واضح عزم رکھتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی عرب پر حوثی حملوں کی شدید مذمت، سلامتی اور خود مختاری کی مکمل حمایت کا اعادہ


