بجلی اور گیس کے بھاری بل،کم آمدنی والے افراد کے لیے بڑی خوشخبری

بجلی اور گیس کے بھاری بل،کم آمدنی والے افراد کے لیے بڑی خوشخبری

حکومت پاکستان نے کم اور درمیانی آمدنی والے شہریوں کو بجلی اور گیس کے بڑھتے ہوئے بلوں کے بوجھ سے بچانے کے لیے توانائی کے نرخوں کے نظام میں بڑی اصلاحات کی تیاری شروع کر دی ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق موجودہ نظام، جس میں بجلی اور گیس کی قیمت کا تعین صرف استعمال شدہ یونٹوں کی بنیاد پر کیا جاتا ہے، اس کو تبدیل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے اور نئے ماڈل کے تحت سبسڈی کا فیصلہ شہریوں کی آمدنی کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔

مجوزہ منصوبے کے تحت گھرانوں کی ماہانہ آمدنی کا اندازہ لگا کر اسی تناسب سے مالی معاونت فراہم کرنے کی تجویز ہے تاکہ امداد صرف مستحق افراد تک محدود رہے،حکومتی ذرائع کے مطابق زیادہ آمدنی والے گھرانے توانائی کی اصل لاگت کے قریب ادائیگی کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں :رمضان نگہبان کارڈ کے بعدعوام کیلئے ایک اور خوشخبری

 کم آمدنی والے افراد کو سبسڈی کے ذریعے ریلیف فراہم کیا جائے گا، اس پالیسی کا مقصد توانائی کے شعبے میں شفافیت کو فروغ دینا اور سرکاری وسائل کو زیادہ مؤثر انداز میں استعمال کرنا ہے۔یہ اصلاحات عالمی مالیاتی فنڈ کے جاری پروگرام سے بھی منسلک بتائی جا رہی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ توانائی کے شعبے میں مالیاتی استحکام کے لیے بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں تاکہ کسی بھی تبدیلی کے نتیجے میں کم اور درمیانی آمدنی والے طبقات پر اضافی مالی بوجھ نہ پڑے۔

پاکستان میں پہلے ہی بجلی اور گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث عوامی حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے کیونکہ کئی گھرانوں کے یوٹیلٹی بل ان کی ماہانہ آمدنی سے بھی زیادہ ہو جاتے ہیں، اسی وجہ سے حکومت نے ایسے نظام پر غور شروع کیا ہے جس کے تحت حقیقی مستحق افراد کو زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے،اگر یہ اصلاحات نافذ ہو جاتی ہیں تو توانائی کے شعبے میں مالی توازن بہتر ہونے کے ساتھ ساتھ غریب اور متوسط طبقے کو بھی معاشی سہولت مل سکتی ہے۔

editor

Related Articles