وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے این ایل سی سے متعلق بیان پر نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (این ایل سی ) نے اپنا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیان میں دی گئی معلومات حقائق کے منافی نکلے ۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے نیشنل لاجسٹکس سیل (NLC) کے ترقیاتی منصوبوں کی منسوخی سے متعلق بیان میں کہا تھا کہ کنٹریکٹس ختم کرنے کی اصل وجہ این ایل سی کی ناقص کارکردگی اور کام نہ کرنا ہے۔
این ایل سی کا بیان ، اصل وجہ بتادی
این ایل سی کے مطابق سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے دور میں خیبرپختونخوا کابینہ نے این ایل سی کے بعض منصوبے ختم کیے تھے، تاہم ان منصوبوں کی منسوخی کی وجوہات ناقص کارکردگی نہیں بلکہ دیگر انتظامی اور مالی مسائل تھے۔
کن منصوبوں کو ختم کیا گیا؟
این ایل سی کے مطابق چار منصوبے فنڈز دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے ختم کیے گئے , اسی طرح شیخ بدین منصوبہ نمبر ایک اور دو جبکہ لکی مروت ہاسٹل کا منصوبہ سیکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر ختم کیا گیا۔
این ایل سی کا کہنا ہے کہ ان میں سے کوئی بھی منصوبہ خراب کارکردگی کی بنیاد پر ختم نہیں کیا گیا۔
ڈی آئی خان فلائی اوور منصوبے کی پیش رفت
این ایل سی نے اپنے مؤقف میں یہ بھی بتایا کہ علی امین گنڈاپور نے مئی 2025 میں ڈی آئی خان میں دو فلائی اوورز کی تعمیر کیلئے این ایل سی سے درخواست کی تھی۔
ادارے کے مطابق یہ منصوبہ طے شدہ شیڈول سے آگے چل رہا ہے اور موجودہ رفتار برقرار رہی تو فلائی اوورز اپریل 2027 تک مکمل ہونے کا امکان ہے، جبکہ معاہدے کے مطابق منصوبے کی تکمیل کی مدت اکتوبر 2027 ہے۔
منصوبوں میں تاخیر کی بڑی وجہ فنڈز کی عدم دستیابی
این ایل سی کا کہنا ہے کہ ادارہ اپنے وعدوں اور منصوبوں کی تکمیل کیلئے ہمیشہ پرعزم رہا ہے، تاہم خیبرپختونخوا میں منصوبوں کیلئے فنڈز کی عدم دستیابی کئی منصوبوں میں تاخیر کی ایک بڑی وجہ رہی ہے ، منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر کو محض ادارے کی کارکردگی سے جوڑنا درست تصویر پیش نہیں کرتا، کیونکہ فنڈنگ کی صورتحال بھی منصوبوں کی رفتار پر براہ راست اثرانداز ہوتی ہے۔
این ایل سی کے فراہم کردہ مؤقف کے مطابق خیبرپختونخوا کابینہ کی جانب سے ختم کیے گئے مذکورہ منصوبوں کی منسوخی کی وجوہات فنڈز کی عدم دستیابی اور سیکیورٹی مسائل تھیں، جبکہ ناقص کارکردگی کی بنیاد پر کسی منصوبے کو ختم نہیں کیا گیا۔
ڈی آئی خان کے دو فلائی اوورز کا منصوبہ بھی این ایل سی کے مطابق مقررہ شیڈول سے آگے چل رہا ہے۔