وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے رمضان المبارک کے موقع پر صوبے بھر میں رمضان نگہبان کارڈ جاری کرنے کے بعد ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔
اس سلسلے میں مختلف شہروں میں رمضان نگہبان دسترخوان لگائے گئے جہاں لاکھوں روزہ داروں کو افطار کی سہولت فراہم کی گئی۔ یہ انتظام مخیر حضرات اور مختلف اداروں کے تعاون سے کیا گیا تاکہ ضرورت مند افراد تک کھانے کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ رمضان المبارک رحمت، ہمدردی اور بھائی چارے کا مہینہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ضرورت مند کی مدد اور خدمت معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور نگہبان دسترخوان اسی جذبے کی عملی مثال ہیں جہاں روزہ داروں کا احترام اور خیرمقدم کیا گیا۔
حکومتی سرپرستی اور مخیر افراد کے تعاون سے پنجاب بھر میں تین سو سے زائد نگہبان دسترخوان قائم کیے گئے۔ ان مقامات پر قورمہ، بریانی، شربت، پکوڑے، سموسے اور دیگر کھانے کی اشیاء فراہم کی گئیں تاکہ روزہ دار باعزت طریقے سے افطار کر سکیں۔
لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور فیصل آباد میں پہلے روز بڑی تعداد میں شہریوں نے اجتماعی افطار میں شرکت کی۔ راولپنڈی، بہاولنگر اور بہاولپور میں بھی ہزاروں افراد نے افطار کیا۔ اسی طرح چنیوٹ، ڈی جی خان، گجرات اور جھنگ میں بھی افطار کے خصوصی انتظامات کیے گئے۔
اٹک، جہلم، قصور اور خانیوال میں بھی ہزاروں روزہ داروں نے نگہبان دسترخوان پر شرکت کی۔ کوٹ ادو، لیہ اور منڈی بہاؤالدین میں بھرپور انتظامات کیے گئے جبکہ مری، مظفرگڑھ، اوکاڑہ اور نارووال میں افطار کے دوران اعلیٰ حکام بھی موجود رہے۔
پاکپتن، راجن پور، رحیم یار خان اور ساہیوال میں شہریوں کی بڑی تعداد نے دسترخوانوں سے استفادہ کیا۔ وہاڑی، ٹوبہ ٹیک سنگھ، شیخوپورہ، بھلوال اور سرگودھا میں بھی روزہ داروں کی بڑی تعداد نظر آئی۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں بھی مخیر حضرات اور اداروں کے تعاون سے افطار کی سہولت فراہم کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ضرورت مندوں کی خدمت ایک اہم ذمہ داری ہے اور حکومت اس پروگرام کو مستقبل میں بھی جاری رکھے گی۔