حج اور عمرہ زائرین کے لیے ڈیجیٹل ویکسینیشن کارڈ کے لازمی نفاذ سے متعلق ایئرلائنز آپریٹرز کمیٹی نے حکومت سے اہم مطالبہ کردیا۔
ایئرلائنز آپریٹرز کمیٹی نے ہیلتھ آفیسر کراچی ایئرپورٹ کو خط لکھ کر حج اور عمرہ زائرین کے لیے ڈیجیٹل ویکسینیشن کارڈ کے نفاذ کو یکم اکتوبر تک مؤخر کرنے کی درخواست کی ہے۔
حکومتی ہدایات
حکومت نے بیرون ملک سفر کرنے والے افراد کے لیے ڈیجیٹل ویکسینیشن کارڈ لازمی قرار دیا ہے،نئے نظام کا اطلاق حج اور عمرہ زائرین پر بھی ہوگا،ایئرلائنز آپریٹرز کمیٹی کا کہنا ہے کہ نئے نظام کے نفاذ کے حوالے سے جاری حکومتی ہدایات کا جائزہ لیا گیا ہے اور اس سلسلے میں مسافروں کو بھی آگاہ کیا جائے گا۔
16 ستمبر سے نفاذ
اے او سی کے مطابق ڈیجیٹل ویکسینیشن کارڈ کے نئے نظام کا نفاذ 16 ستمبر سے متوقع ہے، تاہم اس کے لیے تیاری کا وقت بہت کم رہ گیا ہے،کمیٹی نے مؤقف اختیار کیا کہ نئے نظام کو مؤثر انداز میں نافذ کرنے کے لیے ایئرلائنز، ٹریول ایجنٹس اور مسافروں سمیت تمام متعلقہ فریقوں کو مناسب وقت درکار ہے۔
یکم اکتوبر تک مہلت
ایئرلائنز آپریٹرز کمیٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ حج اور عمرہ زائرین کے لیے مینول ویکسینیشن کارڈ کے استعمال کی موجودہ سہولت ختم کرنے کی تاریخ میں توسیع کی جائے،کمیٹی کے مطابق ڈیجیٹل ویکسینیشن کارڈ کے اجرا اور نئے طریقہ کار کو یکم اکتوبر تک مؤخر کیا جائے تاکہ متعلقہ ادارے ضروری تیاریاں مکمل کرسکیں اور مسافروں کو بھی نئے نظام سے ہم آہنگ ہونے کا موقع مل سکے۔
ایئرپورٹ پر رش کا خدشہ
اے او سی نے اپنے مراسلے میں ایک اہم مسئلے کی بھی نشاندہی کی ہے،کمیٹی کے مطابق بیرون ملک سفر کرنے والے تمام مسافر مقررہ وقت پر ایئرپورٹ نہیں پہنچتے، جس کے باعث آخری وقت میں ویکسینیشن کا عمل مکمل کرنے والوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔
کمیٹی نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر بڑی تعداد میں مسافروں کو ایئرپورٹ پر ہی ویکسینیشن کا عمل مکمل کرنا پڑا تو وہاں طویل قطاریں لگ سکتی ہیں اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
کراچی میں مراکز قائم کرنے کی تجویز
ایئرلائنز آپریٹرز کمیٹی نے کراچی میں ویکسینیشن کی سہولت بڑھانے کے لیے متعدد مقامات پر مراکز قائم کرنے کی تجویز بھی پیش کی ہے،کمیٹی کا کہنا ہے کہ ویکسینیشن مراکز صرف ایئرپورٹ تک محدود رکھنے کے بجائے شہر کے مختلف علاقوں میں قائم کیے جائیں تاکہ مسافر سفر سے قبل ہی ضروری کارروائی مکمل کرسکیں۔
نادرا دفاتر کے قریب مراکز
اے او سی نے تجویز دی ہے کہ کراچی میں ویکسینیشن مراکز نادرا کے دفاتر میں یا ان کے قریب قائم کیے جائیں،کمیٹی کے مطابق اس اقدام سے مسافروں کو ڈیجیٹل ویکسینیشن کارڈ کے حصول کے لیے آسانی ہوگی اور ایئرپورٹ پر آخری وقت میں ویکسینیشن کرانے والے مسافروں کی تعداد بھی کم کی جاسکے گی۔
ٹریول ایجنٹس آگاہی دیں گے
ایئرلائنز آپریٹرز کمیٹی کے مطابق حج اور عمرہ زائرین سمیت بیرون ملک جانے والے مسافروں کو نئے ڈیجیٹل ویکسینیشن کارڈ کے طریقہ کار سے آگاہ کرنے میں ٹریول ایجنٹس بھی اپنا کردار ادا کریں گے،کمیٹی کا مؤقف ہے کہ مسافروں کو سفر سے پہلے تمام ضروری تقاضوں سے آگاہ کرنا ضروری ہے تاکہ ایئرپورٹ پر انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اے او سی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ نئے نظام کے نفاذ میں مناسب مہلت دی جائے اور حج و عمرہ زائرین کے لیے ڈیجیٹل ویکسینیشن کارڈ کا لازمی اطلاق یکم اکتوبر تک مؤخر کیا جائے۔