وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور کیپٹن صفدر کی بیٹی ماہ نور صفدر کی شادی کی تقریبات نے جہاں سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کی، وہیں دلہن کی جانب سے پہنے گئے قیمتی زیورات خاص دلچسپی کا مرکز بن گئے۔
ماہ نور صفدر کے زیورات میں سب سے زیادہ توجہ ایک ہیرے کے نیکلس نے حاصل کی، جسے بعض رپورٹس میں عالمی شہرت یافتہ زیورات کے برانڈ مواواد کا قیمتی نیکلس قرار دیا گیا ہے۔
نیکلس کا نام کیا ہے؟
میڈیا اور سوشل میڈیا رپورٹس کے مطابق ماہ نور صفدر کے گلے میں نظر آنے والے نیکلس کو مواواد لی سولیل کے نام سے شناخت کیا گیا ہے،بتایا جاتا ہے کہ یہ ایک انتہائی قیمتی زیور ہے، جس کے مرکز میں 62.34 قیراط کا فینسی انٹینس یلو ڈائمنڈ موجود ہے، نیکلس کے مرکزی ہیرے کو سفید ہیروں کے ہالے نے گھیر رکھا ہے، جبکہ اس کا ڈیزائن کالر طرز کا ہے۔
نایاب پیلے ہیرے کی خاصیت
نیکلس میں موجود زرد رنگ کا ہیرا اس زیور کی سب سے نمایاں خصوصیت قرار دیا جا رہا ہے، اس کے ساتھ سفید ہیرے بھی استعمال کیے گئے ہیں، جبکہ زیور کے ڈیزائن میں پھولوں اور مارکوئیز شکل کے ہیرے نمایاں ہیں،رپورٹس کے مطابق یہ نیکلس مواواد کی لی سولیل ہائی جیولری کلیکشن کا حصہ ہے۔
قیمت کتنے ارب روپے؟
سوشل میڈیا اور بعض رپورٹس میں نیکلس کی مالیت 1 کروڑ 50 لاکھ امریکی ڈالر تک بتائی گئی ہے،اگر ایک امریکی ڈالر کی قیمت تقریباً 280 پاکستانی روپے تصور کی جائے تو 1 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی رقم تقریباً 4 ارب 20 کروڑ پاکستانی روپے بنتی ہے۔
تاہم بعض رپورٹس میں اس نیکلس کی ممکنہ قیمت 1 کروڑ 20 لاکھ سے 1 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کے درمیان بتائی گئی ہے، جو پاکستانی روپے میں تقریباً 3 ارب 36 کروڑ سے 4 ارب 20 کروڑ روپے بنتی ہے۔
مکمل زیورات کی قیمت بھی اربوں میں
صرف نیکلس ہی نہیں بلکہ اس سے ملتے جلتے زیورات پر مشتمل مکمل سیٹ کی قیمت کے حوالے سے بھی حیران کن دعوے سامنے آئے ہیں،رپورٹس کے مطابق اس مکمل زیورات کے مجموعے میں نیکلس کے ساتھ بریسلٹ، انگوٹھی اور لٹکنے والی بالیاں بھی شامل ہیں اور پورے سیٹ کی مبینہ مالیت تقریباً 4 کروڑ 20 لاکھ امریکی ڈالر بتائی گئی ہے،پاکستانی کرنسی میں یہ رقم تقریباً 11 ارب 76 کروڑ روپے بنتی ہے۔
شادی کے لباس کے ساتھ نیکلس
ماہ نور صفدر نے شادی کی تقریب کے دوران ہلکے ہاتھی دانت جیسے رنگ کا عروسی لباس زیب تن کیا، جس کے ساتھ گلے میں مذکورہ ہیرے کا نیکلس نمایاں دکھائی دیا،نیکلس کے ساتھ ان کے میک اپ میں گلابی رنگ کے شیڈز استعمال کیے گئے، جس نے مجموعی عروسی انداز کو مزید نمایاں کردیا۔
سوشل میڈیا پر قیمت کے چرچے
ماہ نور صفدر کی شادی کی تصاویر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے ان کے زیورات خصوصاً نیکلس کی مبینہ قیمت پر تبصرے کیے،اربوں روپے میں بتائی جانے والی مالیت نے صارفین کو حیران کردیا، تاہم یہ بات اہم ہے کہ نیکلس کی قیمت سے متعلق سامنے آنے والے اعداد و شمار میڈیا اور سوشل میڈیا رپورٹس پر مبنی ہیں۔
اصل قیمت کی تصدیق نہیں
ماہ نور صفدر کے زیر استعمال نیکلس کی اصل قیمت کے بارے میں تاحال کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی، اسی طرح یہ بھی آزادانہ طور پر ثابت نہیں ہوا کہ شادی میں پہنا گیا نیکلس لازماً وہی مخصوص زیور ہے جس کی قیمت مختلف رپورٹس میں بیان کی جا رہی ہے۔
اس کے باوجود ماہ نور صفدر کے نکاح میں پہنے گئے اس ہیرے کے نیکلس نے سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کی ہے اور اس کی ممکنہ قیمت نے شادی کی تقریبات سے متعلق گفتگو میں ایک نیا موضوع شامل کردیا ہے۔