سپر ایٹ مرحلے کے گروپ ون کے اہم میچ میں جنوبی افریقہ قومی کرکٹ ٹیم نے بھارت قومی کرکٹ ٹیم کو 76 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی، مقابلہ بھارت کے شہر احمد آباد میں کھیلا گیا جہاں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پہلے کھیلتے ہوئے جنوبی افریقہ نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز اسکور کیے اور بھارت کو جیت کے لیے 188 رنز کا ہدف دیا جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیوڈ ملر نے 63 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، جبکہ ڈیوالڈ بریسویس نے 45 اور ٹرستان اسٹبس نے 44 رنز بنا کر ٹیم کے مجموعے کو مضبوط بنایا۔
بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ارشدیپ سنگھ نے 2 وکٹیں حاصل کیں، تاہم دیگر بولرز جنوبی افریقی بیٹنگ لائن کو زیادہ نقصان نہ پہنچا سکے۔
ہدف کے تعاقب میں بھارتی بیٹنگ لائن ابتدا ہی سے دباؤ کا شکار نظر آئی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔ بھارتی بلے باز دوبے نے سب سے زیادہ 42 رنز اسکور کیے، مگر ان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکا۔ پوری بھارتی ٹیم 19ویں اوور میں 111 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور یوں جنوبی افریقہ نے میچ 76 رنز سے اپنے نام کر لیا۔
اس کامیابی کے ساتھ جنوبی افریقہ نے سپر ایٹ مرحلے میں اپنی پوزیشن مضبوط کر لی جبکہ بھارت کی پوزیشن گروپ میں کمزور ہوگئی ہے