پیٹرول کی قیمتوں میں عوام کیلئے بڑا ریلیف،وزیراعظم نے خصوصی اسکیم کا اعلان کردیا

پیٹرول کی قیمتوں میں عوام کیلئے بڑا ریلیف،وزیراعظم نے خصوصی اسکیم کا اعلان کردیا

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مشرق وسطیٰ میں حالیہ کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے عوام پر پڑنے والے اضافی بوجھ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے خصوصی ریلیف اسکیم جاری کردی۔

پٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف

وزیراعظم کی جانب سے جاری کی گئی خصوصی ریلیف اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیاں استعمال کرنے والے شہریوں کو پٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کا ریلیف دیا جائے گا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسکیم کے اجرا کے موقع پر کہا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث عوام پر پڑنے والے بوجھ کا حکومت کو مکمل احساس ہے، مشکل کی اس گھڑی میں حکومت عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور انہیں ممکنہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات جاری رکھے گی۔

موٹر سائیکل والوں کیلئے ماہانہ 20 لیٹر

خصوصی ریلیف اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور چنگچی سمیت دو اور تین پہیوں والی سواریوں کے استعمال کنندگان کو ماہانہ 20 لیٹر پٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف فراہم کیا جائے گااس حساب سے اہل افراد کو ماہانہ پٹرول کے مخصوص کوٹے پر براہ راست مالی سہولت ملے گی، جس کا مقصد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کا اثر کم کرنا ہے۔

800 سی سی گاڑیوں کیلئے 30 لیٹر

اسی طرح 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیاں استعمال کرنے والے شہریوں کو بھی ریلیف اسکیم میں شامل کیا گیا ہے،ایسے گاڑی مالکان کو ماہانہ 30 لیٹر پٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف دیا جائے گا۔

اسلام آباد میں پہلے اطلاق

وزیراعظم کے مطابق خصوصی ریلیف اسکیم کا اطلاق مرحلہ وار کیا جائے گا، اسلام آباد کی حدود میں اسکیم پر عملدرآمد آئندہ پیر اور منگل کی درمیانی شب سے شروع کردیا جائے گا۔

پورے ملک کیلئے بھی اعلان

اسلام آباد کے بعد خصوصی ریلیف اسکیم کا دائرہ پورے پاکستان تک بڑھا دیا جائے گا، ملک بھر میں، بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان، اسکیم کا اطلاق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے ہوگا۔

رجسٹریشن کا آغاز

حکومت نے خصوصی ریلیف اسکیم کیلئے رجسٹریشن کا عمل بھی شروع کردیا ہے، شہریوں کو رجسٹریشن کے طریقہ کار اور دیگر ضروری معلومات سے آگاہی مہم کے ذریعے آگاہ کیا جائے گااسکیم سے فائدہ اٹھانے کیلئے موٹر سائیکل، رکشہ، چنگچی اور چھوٹی گاڑیوں سے متعلق معلومات فراہم کی جائیں گی، وزیراعظم نے اس حوالے سے تعاون کرنے پر صوبائی حکومتوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

عوامی بوجھ کم کرنے کی کوشش

حکومت کی جانب سے یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ بڑھ گیا ہے۔ ححکومت کا کہنا ہے کہ خصوصی ریلیف اسکیم کا بنیادی مقصد پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے نتیجے میں عام شہریوں، خصوصاً موٹر سائیکل، رکشہ، چنگچی اور چھوٹی گاڑیاں استعمال کرنے والوں پر پڑنے والے اضافی مالی بوجھ کو کم کرنا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا کہ موجودہ مشکل صورتحال میں حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات کررہی ہے اور خصوصی اسکیم بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

editor

Related Articles