پشین میں بڑا آپریشن، بھارتی پراکسی کو کاری ضرب، خودکش حملہ آور سمیت 5 دہشتگرد ہلاک

پشین میں بڑا آپریشن، بھارتی پراکسی کو کاری ضرب، خودکش حملہ آور سمیت 5 دہشتگرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع پشین میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے خودکش حملہ آور سمیت پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ علاقے میں مزید خطرات کے پیش نظر سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے مطابق بائیس فروری 2026 کو کیے گئے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں بھارتی پراکسی تنظیم ’فتنہ الخوارج‘ سے وابستہ دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں گھیرے میں لیا گیا۔ فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے علاقے کو چاروں اطراف سے سیل کیا جس کے بعد شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

یہ بھی پڑھیں:سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر دہشتگردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی، 7 دہشتگرد ہلاک

بیان کے مطابق مقابلے کے دوران ایک خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ مزید چار دہشتگردوں کو ٹھوس کارروائی میں ہلاک کر دیا گیا۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مارے گئے عناصر علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے اور سیکیورٹی فورسز کو مطلوب تھے۔

کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ کسی بڑی تخریبی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ فورسز نے فوری طور پر علاقے میں سینیٹائزیشن آپریشن شروع کر دیا تاکہ کسی بھی مزید دہشت گرد کو تلاش کر کے ختم کیا جا سکے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری سے قومی ایکشن پلان کے تحت شروع کیے گئے ویژن ’عزمِ استحکام‘ کے مطابق دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔ بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا اور امن و استحکام کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کا عمل بھی تیز کر دیا گیا ہے۔ مقامی آبادی نے سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس آپریشن کے بعد علاقے میں امن و امان کی صورتحال مزید بہتر ہوگی۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردی کے خلاف جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *