لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی میں کمرشل اور صنعتی صارفین کے لیے ایل ٹی اسمارٹ میٹرز کی قلت پیدا ہو گئی ہے، جس کے باعث نئے بجلی کنکشنز کے اجرا اور جلنے یا خراب ہونے والے میٹرز کی تبدیلی کا عمل عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق میٹرز کی عدم دستیابی نے متعدد درخواست گزاروں کو انتظار پر مجبور کر دیا ہے ،اطلاعات کے مطابق صارفین نے ایل ٹی ٹو او یو میٹرز کے لیے ڈیمانڈ نوٹسز جمع کروا رکھے ہیں۔
کمپنی نے میٹرز کے علاوہ دیگر ضروری سامان کی فراہمی کا عمل شروع کر دیا ہے، تاہم اصل میٹر دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے کنکشنز جاری نہیں کیے جا رہے اس صورتحال سے کاروباری اور صنعتی شعبہ متاثر ہو رہا ہے، کیونکہ بروقت کنکشن نہ ملنے سے سرگرمیوں میں تاخیر کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب جلنے اور خراب ہونے والے میٹرز کو فوری تبدیل کرنے کے بجائے عارضی طور پر ریڈنگ بیک اپ میٹرز پر منتقل کر دی گئی ہے تاکہ بلنگ کا نظام جاری رہ سکے۔
کمپنی حکام کے مطابق میٹرز کی تبدیلی ایم اینڈ ٹی رپورٹس کی بنیاد پر کی جاتی ہے، جبکہ خراب میٹرز کی رپورٹس اور نئے کنکشنز کے ڈیمانڈ نوٹسز پہلے ہی جمع ہو چکے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ میٹرز کی فراہمی میں تعطل کے باعث زیر التوا کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے۔
حکام کا مؤقف ہے کہ جیسے ہی میٹرز کی نئی کھیپ موصول ہوگی، ترجیحی بنیادوں پر پہلے سے جمع درخواستوں پر عملدرآمد شروع کر دیا جائے گا، اس دوران صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ دفاتر سے رابطے میں رہیں تاکہ پیش رفت سے آگاہی حاصل کی جا سکے۔