امریکا کسی بھی ایڈونچر سے باز رہے ، ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی کا انتباہ

امریکا کسی بھی ایڈونچر سے باز رہے ، ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی کا انتباہ

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے خبردار کیا ہے کہ امریکا کسی بھی ایڈونچر سے باز رہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سعودی اور ترک وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے ، اس موقع پر عباس عراقچی نے کہا کہ ایران کسی بھی جارحیت کا فیصلہ کن جواب دینے کے لیے تیار ہے، امریکا کی کسی بھی مہم جوئی پر سخت ردعمل دیا جائے گا۔

بعدازاں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بھی فون پر گفتگو کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : امریکا کیساتھ جنگ اس وقت ختم ہوگی جب ایران کو برتری حاصل ہوگی ، عباس عراقچی

ایرانی وزیر خارجہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایران اپنی خودمختاری، قومی سلامتی اور علاقائی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا جبکہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر سفارتی رابطوں کا سلسلہ بھی جاری رکھا جائے گا۔

واضح رہے کہ حال ہی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ایران اور مشرقِ وسطیٰ کے دیگر ممالک نے ہم سے درخواست کی ہے کہ ہم حملہ روک دیں، کیونکہ ایک معاہدے کے بنیادی نکات پر اتفاق ہو چکا ہے۔‘

ٹرمپ کے مطابق اس مجوزہ معاہدے میں آبنائے ہرمز کو فوری، مکمل اور غیر مشروط طور پر کھولنا اور ایران کے جوہری خطرے کا خاتمہ شامل ہے۔

قبل ازیں ایک بیان میں ایرانی وزیر کا کہنا تھا کہ 12 روزہ جنگ سے پہلےایران کو مذاکرات میں لالچ دینے کی کوشش کی گئی، لیکن ایران کو نہ دھمکی دی جا سکتی ہے، نہ لالچ ، ایران کی یورینیم افزودگی کسی صورت فروخت نہیں کی جا سکتی۔

یہ بھی پڑھیں :امریکی صدرٹرمپ کا ایران کے منجمد اثاثے استعمال کرنے کا اعلان

عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ امریکا نے جنگ شروع کر کے اور ایرانی طاقت کا غلط اندازہ لگا کر غلطی کی ہے، ایران کبھی امریکی دھمکیوں سے نہیں ڈرا، ہم وینزویلا نہیں ہیں، اسرائیل کا خیال تھا وہ مختصر حملے کر کے سب تباہ کردے گا لیکن ایسا نہیں ہوا۔

editor

Related Articles