کوہاٹ میں پولیس موبائل پر دہشتگردوں کا گھات لگا کر حملہ، ڈی ایس پی سمیت 6 جوان، ایک شہری شہید

کوہاٹ میں پولیس موبائل پر دہشتگردوں کا گھات لگا کر حملہ، ڈی ایس پی سمیت 6 جوان، ایک شہری شہید

کوہاٹ کے نواحی علاقے شکردرہ روڈ پر منگل کے روز پولیس موبائل پر دہشتگردوں کی فائرنگ سے خونریز واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی واحد محمود سمیت 6 پولیس اہلکار اور ایک راہگیر شہری شہید ہو گئے۔

واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا جبکہ سیکیورٹی فورسز نے وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کے مطابق پولیس موبائل معمول کی گشت پر تھی کہ نامعلوم مسلح افراد نے گھات لگا کر اچانک اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ ابتدائی طور پر متعدد اہلکار زخمی ہوئے جنہیں فوری

یہ بھی پڑھیں:ڈی آئی خان پنیالہ تھانہ حدود میں دھماکہ، 3 پولیس جوان شہید

طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ بعد ازاں تصدیق کی گئی کہ دہشتگرد حملے میں ڈی ایس پی واحد محمود سمیت 3 اہلکار موقع پر شہید ہوئے جبکہ 4 زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی تھی۔

تاہم دوران علاج مزید 2 اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے، جس کے بعد شہید ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کی تعداد 6 ہو گئی۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق مجموعی طور پر 7 افراد شہید ہوئے جن میں ایک بے گناہ راہگیر بھی شامل ہے جو فائرنگ کی زد میں آ گیا تھا۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کا کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں 3 پولیس اہلکار اور ایک زخمی شہری زیر علاج ہیں، جن کی حالت پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق حملہ آور فائرنگ کے بعد پولیس موبائل کو آگ لگا کر فرار ہو گئے۔ گاڑی مکمل طور پر جل کر تباہ ہو گئی۔ واقعے کے فوراً بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر ناکہ بندی کر دی گئی۔ داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ سخت کر دی گئی ہے جبکہ مشتبہ افراد کی تلاش جاری ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ حملہ منظم منصوبہ بندی کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے اور اس میں ملوث عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ اعلیٰ حکام نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہدا کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

علاقے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر قریبی تھانے کو دیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *