بالی ووڈ کے معروف اداکار رنبیر کپور نے ہندی فلم انڈسٹری کے لیے ’بالی ووڈ‘ اور دیگر علاقائی فلمی صنعتوں کے لیے ’ٹالی ووڈ‘ جیسی اصطلاحات استعمال کرنے پر اعتراض کیا ہے۔
برطانوی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں رنبیر کپور کا کہنا تھا کہ وہ خود کو صرف بالی ووڈ اداکار کہلوانے کے بجائے بھارتی سنیما کا نمائندہ سمجھنا پسند کریں گے۔
اداکار کے مطابق ’بالی ووڈ‘ کی اصطلاح ہالی ووڈ کی طرز پر بنائی گئی تھی۔ جب ممبئی کو بمبئی کہا جاتا تھا تو اسی نام سے ’بالی ووڈ‘ کی اصطلاح وجود میں آئی۔ بعد ازاں تیلگو فلم انڈسٹری کے لیے ’ٹالی ووڈ‘ سمیت دوسری فلمی صنعتوں کے لیے بھی الگ الگ نام استعمال ہونے لگے۔
اپنی آنے والی بڑے بجٹ کی مذہبی فلم کی تشہیر کے لیے لندن میں موجود رنبیر کپور نے کہا کہ بھارت مختلف ثقافتوں، زبانوں اور ریاستوں پر مشتمل ملک ہے، لیکن فن تخلیق کرنے کی کوشش سب کی مشترکہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی۔ اگر کسی کہانی کو اپنی ثقافت اور روایات سے جڑ کر سچائی کے ساتھ پیش کیا جائے تو وہ دنیا بھر کے لوگوں کے دلوں تک پہنچ سکتی ہے۔