میں انتخابی میدان میں نہیں تھا ورنہ ہم بھاری اکثریت سے جیت جاتے، ڈونلڈ ٹرمپ کا دعوی

میں انتخابی میدان میں نہیں تھا ورنہ ہم بھاری اکثریت سے جیت جاتے، ڈونلڈ ٹرمپ کا دعوی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جاری انتخابی نتائج پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ خود انتخابی میدان میں ہوتے تو ان کی جماعت کو بھاری اکثریت سے زبردست فتح حاصل ہوتی۔

‘نیویارک ٹائمز’ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں امریکی صدر نے وضاحت کی کہ وہ اس بار خود بطور امیدوار میدان میں نہیں تھے، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ وہ وسط مدتی انتخابات کے نتائج کو تسلیم کریں گے اور ڈیموکریٹس کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔

 صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یہ ممکن ہے کہ آنے والے دنوں میں دونوں جماعتیں مختلف امور پر کسی متفقہ لائحہ عمل یا اتفاقِ رائے پر پہنچ جائیں۔

دوسری جانب امریکی ریاستوں ورمونٹ، ورجینیا، جنوبی کیرولائنا، جورجیا اور فلوریڈا کے متعدد علاقوں میں پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔

امریکی میڈیا کی ابتدائی رپورٹوں کے مطابق ڈیموکریٹ امیدواروں کو برتری حاصل ہے، جبکہ امریکی ٹی وی کا کہنا ہے کہ ڈیموکریٹس نے ایوانِ نمائندگان کا کنٹرول دوبارہ حاصل کر لیا ہے۔

واضح رہے کہ 435 رکنی ایوانِ نمائندگان میں اکثریت ثابت کرنے اور کنٹرول سنبھالنے کے لیے کسی بھی جماعت کو 218 نشستیں درکار ہوتی ہیں، جبکہ 100 رکنی امریکی سینیٹ میں سادہ اکثریت کے لیے 51 نشستوں کی ضرورت ہوتی ہے۔

 ابتدائی نتائج کے مطابق ڈیموکریٹک رہنما لوئس فرینکل نے فلوریڈا 23 ایوانِ نمائندگان کی نشست پر دوبارہ کامیابی حاصل کر لی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : امریکی وسط مدتی انتخابات، صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بڑا سیاسی دھچکا، ڈیموکریٹس کو برتری

 امریکی میڈیا کے مطابق ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدواروں نے ڈیلاویئر، الینوائے، نیو جرسی، روڈ آئی لینڈ اور میساچوسٹس میں سینیٹ کی نشستوں پر نمایاں کامیابیاں حاصل کر لیں، ڈیلاویئر سے ڈیموکریٹک سینیٹر کرس کونز نے ریپبلکن امیدوار مائیکل کاٹز کو شکست دے کر سینیٹ دوبارہ کامیابی حاصل کی جبکہ الینوائے سے ڈیموکریٹک امیدوار جولیانا اسٹریٹن نے سینیٹ کی نشست اپنے نام کر لی ہے۔

 نیو جرسی سے ڈیموکریٹک سینیٹر کوری بُکر نے ریپبلکن حریف جسٹن مرفی کو شکست دے کر دوبارہ سینیٹر منتخب ہونے میں کامیابی حاصل کی ہے، روڈ آئی لینڈ سے ڈیموکریٹک سینیٹر جیک ریڈ نے ریاست سے امریکی سینیٹ کے لیے اپنی نشست کا کامیابی سے دفاع کیا ہے دوسری طرف میساچوسٹس سے ڈیموکریٹک سینیٹر ایڈورڈ مارکی نے امریکی سینیٹ کے لیے دوبارہ فتح حاصل کی ہے۔

 امریکا کی 36 ریاستوں سے گورنرز کے امیدواروں کے ابتدائی نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں، امریکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست الینوائے سے ڈیموکریٹک گورنر جے بی پرٹزکر دوبارہ الینوائے کے گورنر منتخب ہو گئے ہیں۔

 میساچوسٹس سے ڈیموکریٹک گورنر مورا ہیلی نے اپنی نشست برقرار رکھتے ہوئے دوبارہ کامیابی حاصل کر لی ہے، میری لینڈ سے ڈیموکریٹک گورنر ویس مور میری لینڈ سے دوبارہ گورنر منتخب ہو گئے ہیں جبکہ پنسلوانیا سے ڈیموکریٹک گورنر جوش شاپیرو نے پنسلوانیا کی گورنر شپ پر دوبارہ فتح حاصل کر لی ہے۔

فلسطنیوں کے لیے آواز بلند کرنے والی ڈیموکریٹک رہنما رشیدہ طلیب نے مشی گن 12 سے ایوانِ نمائندگان مین دوبارہ کامیابی حاصل کرلی۔

 امریکی میڈیا کے مطابق مختلف ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی اور انتخابی نتائج سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے، جس کے بعد کانگریس کے ایوانِ بالا اور ایوانِ زیریں میں جماعتوں کی پوزیشن مزید واضح ہوگی۔

editor

Related Articles