پاکستان کا جغرافیہ ہی نہیں، حال اور مستقبل بھی مشرقِ وسطیٰ سے وابستہ ہے، سفیر پاکستان

پاکستان کا جغرافیہ ہی نہیں، حال اور مستقبل بھی مشرقِ وسطیٰ سے وابستہ ہے، سفیر پاکستان

امریکا میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان کا جغرافیہ ہی نہیں، حال اور مستقبل بھی مشرقِ وُسطیٰ سے وابستہ ہے۔

معروف تعلیمی درسگاہ جارج ٹاؤن یونیورسٹی میں منعقدہ چوتھی سالانہ پاک امریکا کانفرنس میں سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے کلیدی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان کی جغرافیائی، سیاسی اور اقتصادی اہمیت پر روشنی ڈالی اور علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کے حوالے سے ملک کی مثبت اور تعمیری کاوشوں اور مستقبل میں نتیجہ خیز کردار پر اظہار خیال کیا۔

اس موقع پر سفیر پاکستان نے کہا کہ جغرافیائی اعتبار سے پاکستان کا محل وقوع انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ گزشتہ 8 دہائیوں سے پاکستان علاقائی و عالمی سطح پر بالواسطہ اور بلاواسطہ طور پر اہم کردار ادا کرتا رہا ہے ،  مشرقی و مغربی سرحدوں سے جنم لینے والے خطرات، نامساعد حالات اور دیگر چیلنجز کے باوجود پاکستان نے ہمیشہ علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کے ضمن میں مثبت اور کامیاب کردار ادا کیا ہے اور اس حوالے سے پاکستان کا کردار کسی تعارف کا محتاج نہیں۔

انہوں نے امریکہ ایران تنازع میں پاکستان کی مثبت کاوشوں اور سہولت کاری کو پاکستان کی کامیاب سفارتی تاریخ کے تناظر میں دیکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ تنازع میں متعلقہ فریقین کے ساتھ ساتھ خطے کے دیگر ممالک کی جانب سے پاکستان پر اعتماد کا اظہار قابل فخر اور اطمینان کا باعث ہے۔

یہ بھی پڑھیں : امریکا اور ایران کو مذاکرات کی میز پر لانا کوئی معجزہ نہیں بلکہ مؤثر سفارتکاری کا نتیجہ ہے، سفیرپاکستان

رضوان سعید شیخ نے کہا کہ خارجہ پالیسی کے حوالے سے پاکستان کی توجہ جیوپالیٹکس سے بڑھ کر جیو اکنامکس پر مرکوز ہے ،  پاکستان چین، وسطی ایشیا اور خلیجی ریاستوں کے درمیان ایک اہم معاشی راہداری فراہم کر سکتا ہے،  آبنائے ہرمز کی بندش سے راہداری اور ترسیلات کے حوالے سے پاکستان کی جغرافیائی اہمیت مزید واضح ہو کر سامنے آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مخصوص جغرافیائی حالات اور تاریخی واقعات نے جہاں پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے وہیں درپیش مسائل نے ملکی معاشی و اقتصادی ترقی کو بھی متاثر کیا ہے، پاکستان کا شمار کرہ ارض کی قدیم ترین تہذیبوں میں ہوتا ہے ،  ملک آئندہ بھی علاقائی اور عالمی امن اور معاشی معاملات میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

آخر میں رضوان سعید شیخ نے کانفرنس کے انعقاد پر منتظمین، جارج ٹاؤن یونیورسٹی میں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ کی قیادت خصوصاً رائے حسن مسعود کھرل اور انٹرنیشنل اکیڈمی آف لیٹرز کے صدر غضنفر ہاشمی کو خراج تحسین پیش کیا۔

کانفرنس میں معروف امریکی تھنک ٹینکس کے ممبران، سابق سفرا اور ماہرین نے بھی شرکت کی اور پاکستان کو درپیش مختلف النوع چیلنجز، معاشی ترقی کے سفر اور مستقبل میں عالمی سطح پر اس کے اہم کردار پر تفصیلی گفتگو کی۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *