وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خواتین کو بااختیار اور خودمختار بنانے کے وژن کے تحت صوبے میں خواتین کے لیے اسکوٹی اور موٹر سائیکل چلانے کی مفت تربیت کا پروگرام شروع کردیا گیا ہے،اس اقدام کا مقصد خواتین کو روزمرہ سفر میں درپیش مشکلات کم کرنے، انہیں محفوظ ڈرائیونگ کے قابل بنانے اور آمدورفت کے لیے دوسروں پر انحصار سے نجات دلانا ہے۔
اس پروگرام کے تحت لاہور کی سٹی ٹریفک پولیس خواتین کو بغیر کسی فیس کے موٹر سائیکل اور اسکوٹی چلانے کی عملی تربیت فراہم کر رہی ہے۔ تربیتی سہولت سے یونیورسٹیوں میں زیرتعلیم طالبات، ملازمت پیشہ خواتین اور گھریلو خواتین فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔
پروگرام میں خواتین کو صرف موٹر سائیکل چلانے کے بنیادی طریقے ہی نہیں سکھائے جا رہے بلکہ انہیں سڑکوں پر محفوظ ڈرائیونگ، ٹریفک قوانین کی پابندی اور دوران سفر ضروری احتیاطی تدابیر سے بھی آگاہ کیا جا رہا ہے، تاکہ تربیت حاصل کرنے کے بعد وہ عملی طور پر اعتماد کے ساتھ اپنی منزل تک پہنچ سکیں۔
خواتین کے لیے سفری مشکلات کم کرنے کی کوشش
حکومت پنجاب کے مطابق اس منصوبے کا بنیادی مقصد خواتین کی نقل و حرکت کو آسان بنانا اور انہیں تعلیم، ملازمت اور دیگر روزمرہ سرگرمیوں کے لیے آزادانہ سفر کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ بالخصوص طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو پبلک ٹرانسپورٹ کی دستیابی، انتظار اور طویل سفری اوقات جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ایسے میں موٹر سائیکل اور اسکوٹی چلانے کی تربیت ان کے لیے ایک متبادل سفری سہولت بن سکتی ہے۔
مفت تربیت سے خواتین میں خوداعتمادی
تربیتی پروگرام سے فائدہ اٹھانے والی خواتین نے بھی اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اسکوٹی اور موٹر سائیکل چلانا سیکھنے سے انہیں تعلیمی اداروں، دفاتر اور دیگر مقامات تک پہنچنے میں آسانی ہوگی، جبکہ سفری اخراجات اور وقت کی بچت بھی ممکن ہوسکے گی،حکومت پنجاب اس منصوبے کو خواتین کی خودمختاری، معاشی و سماجی سرگرمیوں میں شرکت اور محفوظ سفر کے مواقع بڑھانے کی کوشش قرار دے رہی ہے۔
