گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جن کے مثبت نتائج بتدریج سامنے آئیں گے۔ پولیس کی ضروریات پوری کرنے، اداروں کی استعداد کار بڑھانے، ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ کرپشن اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے پولیس کو درپیش مسائل کا حل اور اس کی ضروریات پوری کرنا انتہائی اہم ہے۔ پولیس کی ضروریات کی تکمیل سے امن و امان برقرار رکھنے میں مؤثر مدد ملے گی، اسی لیے اس حوالے سے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کے شہداء کی قربانیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود اور بچوں کے روشن مستقبل کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ پولیس شہداء کے بچوں کو بہتر تعلیمی سہولیات اور اسکالرشپس کی فراہمی کے لیے اصلاحاتی اقدامات بھی زیرِ عمل ہیں۔
گورنر خیبرپختونخوا نے امن و امان کے قیام کے لیے فنڈز کی فراہمی پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فراہم کردہ فنڈز کا شفاف اور مؤثر استعمال یقینی بنایا جائے گا۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ صوبے میں سرکاری اداروں کی استعداد کار بڑھانے، ترقیاتی عمل تیز کرنے اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ تجاوزات کے خاتمے، صفائی ستھرائی کے نظام میں بہتری اور کرپشن کے سدباب کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی تاکہ انتظامی امور کو بہتر بنایا جا سکے اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر تکمیل اور عوامی مسائل کے حل کے لیے میڈیا کی تجاویز کا خیرمقدم کرنے کا اعلان بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ ترقیاتی اور انتظامی تبدیلیوں کے لیے وقت درکار ہوتا ہے، تاہم عوام کو جلد عملی اقدامات کے ثمرات نظر آئیں گے۔ صوبے میں شروع کیے گئے اقدامات کے مثبت نتائج بتدریج سامنے آئیں گے۔
فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن کے مسائل کے حل، امن و امان کے قیام اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔
