وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ اسلام آباد کے ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کا قانونی طور پر قبضہ حاصل کرلیا گیا ہے اور عمارت کے انتظامی معاملات اب کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) دیکھے گی۔
حکومت نے عمارت کو آئندہ چند ماہ میں فائیو اسٹار ہوٹل میں تبدیل کرنے کا منصوبہ بھی تیار کرلیا ہے، جبکہ منصوبے میں رقم لگانے والے سرمایہ کاروں کو ان کی ادا کردہ رقم واپس کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے بتایا کہ ون کانسٹیٹیوشن ایونیو سے متعلق مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی رپورٹ وفاقی کابینہ نے منظور کرلی ہے۔
وہ کافی عرصے سے اس رپورٹ کے منتظر تھے، جس میں منصوبے سے متعلق تمام معاملات اور بے ضابطگیوں کی تفصیلات شامل ہیں،انہوں نے کہا کہ کابینہ سے رپورٹ کی منظوری کے بعد اس کی سفارشات کی روشنی میں کارروائی کرتے ہوئے عمارت کا قانونی قبضہ حاصل کرلیا گیا ہے آج سے سی ڈی اے کا متعلقہ ممبر عمارت کے انتظامی اور دیگر معاملات کی نگرانی کرے گا۔
ون کانسٹیٹیوشن ایونیو فائیو اسٹار ہوٹل بنے گا
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ آئندہ چند ماہ کے دوران ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کو فائیو اسٹار ہوٹل میں تبدیل کردیا جائے۔ اسلام آباد میں بڑے اور معیاری ہوٹلوں کی کمی محسوس کی جارہی ہے، اس منصوبے کی تکمیل سے دارالحکومت میں بین الاقوامی معیار کی ہوٹلنگ کی سہولت میں اضافہ ہوگا اور شہر کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے بتایا کہ عمارت کی اصل مالیت کا تعین ایک ملٹی نیشنل کمپنی کے ذریعے کرایا جائے گا تاکہ اس کی قدر کا شفاف انداز میں تخمینہ لگایا جاسکے۔
سرمایہ کاروں کو ان کی رقم واپس ملے گی
محسن نقوی نے واضح کیا کہ جن افراد نے ون کانسٹیٹیوشن ایونیو منصوبے میں رقم جمع کرائی تھی، انہیں ان کی ادا کردہ رقم واپس کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے میں کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور تمام اقدامات قانون کے مطابق کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اس معاملے کو شفاف طریقے سے حل کرنا چاہتی ہے تاکہ سرمایہ کاری کرنے والے افراد کے مالی مفادات کا تحفظ کیا جاسکے اور منصوبے میں سامنے آنے والی بے ضابطگیوں کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی بھی عمل میں لائی جاسکے۔
اسلام آباد میں سرکاری زمینوں پر قبضے ختم کرانے کا اعلان
وفاقی وزیر داخلہ نے اسلام آباد میں سرکاری اراضی پر قبضوں کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں بڑے پیمانے پر سرکاری زمینوں پر قبضے کیے گئے ہیں۔ بعض مقامات پر لوگوں نے گھروں کے لان تک کی سرکاری زمین پر قبضہ کر رکھا ہے، جس کے خلاف کارروائی ضروری ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ اسلام آباد میں سرکاری اراضی واگزار کرانے کے لیے آپریشن جاری رہے گا اور سیکٹرز ای 12، سی 14 اور سی 15 میں بھی جلد سرکاری زمینیں قبضہ مافیا سے واگزار کرائی جائیں گی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ تجاوزات اورغیر قانونی قبضوں کے خلاف آپریشن کے دوران مختلف مقامات سے دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے، تاہم کسی دباؤ کو خاطر میں لائے بغیر قانونی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
وزیراعظم کی مکمل حمایت حاصل رہی، محسن نقوی
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف کا مکمل تعاون حاصل رہا ہے اور حکومت نے اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے ہیں۔مولانا فضل الرحمان سے متعلق ایک سوال کے جواب میں محسن نقوی نے کہا کہ اس معاملے پر سی ڈی اے سے سوال کرنا زیادہ بہتر ہوگا۔