چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سینیٹر روبینہ خالد نے مستحق خواتین کو بڑی خوشخبری سناتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ بینظیر کفالت پروگرام کی آئندہ سہ ماہی قسط جلد جاری کر دی جائے گی، جبکہ اس مرتبہ رقوم کی ادائیگی نئے انٹرآپریبلٹی (Interoperability) نظام کے تحت کی جائے گی، جس سے مستحق خواتین اپنی سہولت کے مطابق چھ پارٹنر بینکوں کے مجاز پے پوائنٹس سے رقم وصول کر سکیں گی۔
بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی ای کچہری کے دوران سینیٹر روبینہ خالد نے بتایا کہ نئے نظام کے تحت مستحق خواتین کو رقوم کے حصول میں مزید سہولت فراہم کی جائے گی، تاکہ وہ اپنی قریبی اور موزوں جگہ سے آسانی کے ساتھ امدادی رقم وصول کر سکیں۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی کے مطابق نئے نظام میں چھ پارٹنر بینک اور مالیاتی خدمات فراہم کرنے والے ادارے شامل ہیں، جن میں حبیب بینک، حبیب مائیکروفنانس بینک، بینک الفلاح، جاز کیش، ایزی پیسہ اور بینک آف پنجاب شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مستحق خواتین ان اداروں کے کسی بھی مجاز پے پوائنٹ سے اپنی رقم حاصل کر سکیں گی۔
سینیٹر روبینہ خالد نے ادائیگی کے طریقہ کار کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ جیسے ہی مستحق خاتون کے اکاؤنٹ میں رقم منتقل ہوگی، اس کے رجسٹرڈ موبائل نمبر پر ایس ایم ایس موصول ہوگا۔ پیغام ملنے کے بعد مستحق خواتین اپنی سہولت کے مطابق کسی بھی قریبی مجاز پے پوائنٹ پر کسی بھی دن اور وقت جا کر رقم وصول کر سکیں گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ رقم نکلوانے کے بعد متعلقہ بینک کی جانب سے ایک دوسرا تصدیقی ایس ایم ایس بھی موصول ہوگا، جس میں نکلوائی گئی رقم کی مکمل تفصیلات درج ہوں گی۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے مستحق خواتین کو خصوصی ہدایت کی کہ وہ رقم کی منتقلی اور وصولی سے متعلق دونوں ایس ایم ایس محفوظ رکھیں، تاکہ ضرورت پڑنے پر ادائیگی کی تفصیلات کی تصدیق کی جا سکے۔
روبینہ خالد نے خواتین کو خبردار کیا کہ رقم وصول کرتے وقت اپنا موبائل فون کسی ریٹیلر، ایجنٹ یا دوسرے شخص کے حوالے ہرگز نہ کریں۔
ای کچہری کے دوران چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے مستحقین سے براہِ راست گفتگو کی، ان کے مسائل سنے اور امدادی رقوم کی وصولی سے متعلق شکایات کا جائزہ لیا۔
سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ انٹرآپریبلٹی نظام کے ذریعے مستحقین کو مختلف خدمات تک رسائی میں آسانی ہوگی اور انہیں پہلے سے زیادہ بہتر، مؤثر اور سہل سہولیات فراہم کی جا سکیں گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ سہولت صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے عوام کو فراہم کی گئی ہے۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے ای کچہری کے دوران مجموعی طور پر 24 فون کالز سنیں اور مستحقین کی جانب سے سامنے آنے والی شکایات پر متعلقہ افسران اور عملے کو فوری اقدامات کی ہدایت کی۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مستحقین کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کو یقینی بنایا جائے۔