سی پیک کا دوسرا مرحلہ، صنعتی ترقی، برآمدات اور نجی سرمایہ کاری پر توجہ دے رہے ہیں، احسن اقبال

سی پیک کا دوسرا مرحلہ، صنعتی ترقی، برآمدات اور نجی سرمایہ کاری پر توجہ دے رہے ہیں، احسن اقبال

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ چینی سرمایہ کاری نے پاکستان کو توانائی کی شدید قلت پر قابو پانے میں مدد دی، جبکہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں صنعتی ترقی، برآمدات میں اضافے، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور نجی سرمایہ کاری پر توجہ دی جا رہی ہے۔

اسلام آباد میں چین کے کاروباری وفد سے ملاقات کے دوران احسن اقبال نے دونوں ممالک کے درمیان کاروباری روابط اور نجی شعبے میں تعاون مضبوط بنانے پر زور دیا۔ چینی وفد سنکیانگ صوبے کی حکومت کے سینئر مشیر یوان جیان کی قیادت میں ملاقات کے لیے آیا تھا، جس میں پاک چین دوستی کو مضبوط تجارتی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور چین کو تجارتی رکاوٹیں دور کرکے کاروباری روابط مزید مضبوط بنانے چاہییں۔ انہوں نے کہا کہ جولائی 2013 کا معاہدہ 5 سال میں 25 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری میں تبدیل ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد پر چڑھائی کرنے والے کس کا ایجنڈا پورا کرنا چاہتے ہیں؟ احسن اقبال

احسن اقبال کے مطابق چینی سرمایہ کاری سے پاکستان میں بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت میں تقریباً 8 ہزار میگاواٹ اضافہ ہوا، جس سے ملک کو توانائی کی شدید قلت پر قابو پانے میں مدد ملی۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ 3 سال میں برآمدات میں مزید 7 ارب ڈالر کا اضافہ پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنا سکتا ہے۔

ملاقات کے دوران چینی وفد کے سربراہ یوان جیان نے کہا کہ چین کو پاکستانی برآمدات بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چینی کمپنیوں کے لیے پاکستان میں مینوفیکچرنگ، توانائی اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔

Related Articles