بیرون ملک بیٹھے پاک آئی ڈی اکاؤنٹ کیسے بنائیں؟ نادرا نے طریقہ بتا دیا

بیرون ملک بیٹھے پاک آئی ڈی اکاؤنٹ کیسے بنائیں؟ نادرا نے طریقہ بتا دیا

بیرون ملک مقیم پاکستانی پاک آئی ڈی موبائل ایپ پر اکاؤنٹ بناتے وقت اپنا غیر ملکی موبائل نمبر استعمال کرسکتے ہیں، جبکہ نائیکوپ سمیت دیگر دستاویزات کے حصول کے لیے پاکستانی موبائل نمبر ہونا لازمی نہیں۔

نادرا پوڈکاسٹ میں کینیڈا میں مقیم ایک شہری نے سوال کیا کہ بیرون ملک رہنے والے پاکستانی اپنے غیر ملکی موبائل نمبر کے ذریعے نائیکوپ کی درخواست نادرا کو کیسے جمع کرا سکتے ہیں؟

اس سوال کے جواب میں ترجمان نادرا سید شباہت علی نے بتایا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی غیر ملکی موبائل نمبر کے ذریعے بھی آسانی سے اپنا پاک آئی ڈی اکاؤنٹ بنا سکتے ہیں۔

انہوں نے پاک آئی ڈی موبائل ایپ پر اکاؤنٹ بنانے کے طریقہ کار کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ نائیکوپ سمیت دیگر دستاویزات کے حصول کے لیے پاکستانی موبائل نمبر ہونا ضروری نہیں، بلکہ درخواست گزار اپنے قیام کے ملک کا نام اور وہاں کا موبائل نمبر استعمال کرسکتا ہے۔

ترجمان نادرا کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد نائیکوپ اور دیگر دستاویزات کے حصول کے لیے پاک آئی ڈی موبائل ایپ استعمال کرتی ہے، تاہم بعض صارفین کو اکاؤنٹ بناتے وقت صرف پاکستانی موبائل نمبر کا آپشن نظر آنے کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

نادرا حکام نے بتایا کہ یہ مسئلہ اس وقت پیش آتا ہے جب صارف اکاؤنٹ بناتے ہوئے ’کنٹری آف اسٹے‘ میں پاکستان کا انتخاب کرتا ہے۔ ایسی صورت میں سسٹم پاکستانی موبائل نمبر طلب کرتا ہے، کیونکہ اکاؤنٹ کی تصدیق کے لیے ون ٹائم پاس ورڈ (او ٹی پی) اسی نمبر پر بھیجا جاتا ہے۔

نادرا نے وضاحت کی کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو اکاؤنٹ بناتے وقت اپنے حقیقی ملکِ قیام کا انتخاب کرنا چاہیے۔ مثال کے طور پر کینیڈا میں مقیم پاکستانی ’کنٹری آف اسٹے‘ میں کینیڈا منتخب کرکے اپنا کینیڈین موبائل نمبر درج کرسکتے ہیں۔ اس طرح غیر ملکی موبائل نمبر کے ذریعے پاک آئی ڈی اکاؤنٹ فعال کرکے نائیکوپ سمیت متعلقہ خدمات حاصل کی جاسکتی ہیں۔

نادرا کے مطابق پاک آئی ڈی کی ڈیجیٹل شناخت موبائل نمبر کے بغیر فعال نہیں کی جاسکتی، تاہم اس مقصد کے لیے پاکستانی موبائل نمبر ہونا ضروری نہیں۔

نائیکوپ کا پورا نام نیشنل آئیڈینٹیٹی کارڈ فار اوورسیز پاکستانیز  ( نائیکوپ)  ہے، جو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے قومی شناختی کارڈ کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ نادرا کی جانب سے ایسے پاکستانی شہریوں کو جاری کیا جاتا ہے جو ملازمت، تعلیم یا مستقل رہائش کے سلسلے میں بیرون ملک مقیم ہوں یا کسی دوسرے ملک کی شہریت بھی رکھتے ہوں۔

Related Articles