شمالی کوریا نے ایٹمی عدم پھیلاؤ کے معاہدے پر دستخط کرنے سے واضح طور پر انکار کردیا۔
سرکاری خبرایجنسی کے مطابق شمالی کوریا کا کہنا ہے کہ وہ ایٹمی عدم پھیلاؤ کے معاہدے این پی ٹی میں شامل نہیں ہوگا اور یہ کہ وہ ایٹمی عدم پھیلاو کے کسی بھی معاہدے کا پابند نہیں ہے۔
اقوام متحدہ میں شمالی کوریا کے مستقل مندوب کم سونگ Kim Song نے ایک بیان میں کہا کہ امریکا اور کچھ دوسرے ملک گیارھویں این پی ٹی ریویو کانفرنس کا ماحول خراب کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کو بار بار موضوع بنا کر عالمی ماحول میں کشیدگی پیدا کی جا رہی ہے جبکہ ایسے اقدامات خطے میں اعتماد سازی کے بجائے مزید تناؤ کو جنم دے رہے ہیں۔
شمالی کوریا کے مندوب کم سونگ نے کہا کہ شمالی کوریا ایٹمی ہتھیاروں کا حامل ملک ہے اور یہ پوزیشن دوسروں کے اصرار یا یک طرفہ خواہش پر تبدیل نہیں ہو سکتی۔
یہ کانفرنس اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں منعقد ہو رہی ہے جس میں شمالی کوریا کے ایٹمی ہتھیاروں کا معاملہ بھی اٹھایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے بھی ایٹمی عدم پھیلاو کے معاہدے یا این پی ٹی پر دستخط نہیں کئے، تاہم اس پر کبھی اس سلسلے میں دباؤ نہیں ڈالا گیا جبکہ ایران ان ملکوں میں شامل ہے جو این پی ٹی پر دستخط کر چکے ہیں۔
یاد رہے کہ شمالی کوریا ماضی میں بھی متعدد بار اپنے جوہری پروگرام کو ملکی سلامتی کے لیے ناگزیر قرار دے چکا ہے، جبکہ امریکا اور مغربی ممالک اس پروگرام کو عالمی امن کے لیے خطرہ قرار دیتے ہیں۔