وزیراعظم شہباز شریف نے معرکۂ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن اللہ تعالیٰ کے بے پایاں فضل و کرم پر اس کے حضور شکر ادا کرنے کا دن ہےانہوں نے کہا کہ پاکستان نے کڑے وقت میں دشمن کو مؤثر جواب دے کر واضح برتری حاصل کی، جبکہ پوری قوم اپنے شہداء، ان کے اہلِ خانہ اور وطن کے دفاع کے لیے ڈٹ جانے والے غازیوں کو عقیدت و احترام پیش کرتی ہے۔
وزیراعظم کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کے ذریعے ملک کو ناقابلِ تسخیر قوت کے طور پر منوایا،انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق اس امر کا ثبوت ہے کہ پاکستانی قوم امن کی خواہاں ہے، تاہم دشمن کی بلا اشتعال کارروائیوں کے جواب میں پاکستان نے فیصلہ کن انداز میں اپنی برتری ثابت کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ دشمن کو ایسا سبق ملا جس سے اس کے ناقابلِ شکست ہونے کا غرور خاک میں مل گیا،انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جرات مندانہ قیادت کو سراہتے ہوئے انہیں بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا جبکہ ایئر چیف مارشل اور ایڈمرل نوید اشرف کی خدمات کو بھی قابلِ ستائش قرار دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ قوم اپنی بہادر افواج کے افسران اور جوانوں کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے عوام کی مکمل حمایت کے ساتھ پاکستان اور بھارت کے تناظر میں ایک نئے باب کا اضافہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایک طرف امن کے عزم کا اظہار کیا تو دوسری جانب دفاعی توازن برقرار رکھتے ہوئے اپنی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا بھرپور دفاع بھی یقینی بنایا۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان کو کمزور کرنے یا اس کے خلاف کسی بھی جارحیت کی صورت میں فوری، مؤثر اور مکمل جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملک اپنی سرحدوں کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار اور چوکس ہے، جبکہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خاتمے اور دہشت گردی کے ناسور کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان کا ذکر ادھورا ہے اور یہ برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے ،انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار استحکام ممکن نہیں۔
یہ تنازع اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، انہوں نے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج پاکستان کو ایک ذمہ دار ملک کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے جو نہ صرف اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے بلکہ عالمی امن و استحکام میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی میں پاکستان کے مثبت کردار اور امن کے لیے سفارتی کوششوں کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے، اور پاکستان تنازعات کے پُرامن حل کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔