وزیر تعلیم نے گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لیے اسکولوں میں سمر کیمپس لگانے کی اجازت دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ گرمیوں کی چھٹیوں کے آغاز کے ساتھ ہی اسکولوں میں سمر کیمپس قائم کیے جا سکیں گے تاکہ طلبہ کا تعلیمی سلسلہ متاثر نہ ہو اور نصاب کی بروقت تکمیل ممکن بنائی جا سکے۔
حکام کے مطابق سمر کیمپس ایک ماہ تک جاری رہ سکیں گے جبکہ ان کے اوقات کار محدود رکھے گئے ہیں، سمر کیمپس صبح 7:30 بجے سے 9:30 بجے تک منعقد ہوں گے تاکہ شدید گرمی کے اثرات سے بچوں کو محفوظ رکھا جا سکے۔
وزیر تعلیم نے بتایا کہ نجی اسکولوں کی جانب سے سمر کیمپس لگانے کی اجازت طلب کی گئی تھی جس کے بعد حکومت نے باقاعدہ اجازت دینے کا فیصلہ کیا۔
رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ چھٹیوں کے پہلے ہی ہفتے سے سمر کیمپس کی اجازت دی جا رہی ہے تاکہ طلبہ اپنی پڑھائی جاری رکھ سکیں اور تعلیمی اہداف بروقت مکمل کیے جا سکیں۔