کراچی میں جدید تعمیرات کے ایک بڑے منصوبے کا آغاز ہونے جا رہا ہے جہاں پاکستان کی بلند ترین عمارت رجِ قائد تعمیر کی جائے گی،اس منصوبے کیلئے ڈی ایچ اے سٹی کراچی اور اے بی ایس ڈیولپرز کے درمیان باقاعدہ معاہدہ مکمل کر لیا گیا ہے، منصوبہ ملکی تعمیراتی شعبے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق منصوبے کے تحت 82 منزلہ بلند و بالا عمارت تعمیر کی جائے گی جس کی مجموعی بلندی 941 فٹ ہوگی، یہ عمارت مکمل ہونے کے بعد پاکستان کی سب سے بلند عمارت کا اعزاز حاصل کرے گی۔
برجِ قائد جدید طرزِ تعمیر کے مطابق تیار کیا جائے گا اور اس میں رہائشی، تجارتی اور کاروباری سہولیات کو یکجا کیا جائے گا تاکہ اسے عالمی معیار کا منصوبہ بنایا جا سکے۔
یہ عظیم الشان منصوبہ تقریباً 6 ایکڑ اراضی پر قائم ہوگا جبکہ اس کی تعمیر مکمل کرنے کیلئے 6 سال کی مدت مقرر کی گئی ہے، منصوبے میں جدید انجینئرنگ اصولوں، مضبوط تعمیراتی ڈھانچے اور عالمی حفاظتی معیار کو خصوصی اہمیت دی جائے گی۔
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں نے منصوبے کیلئے 941 فٹ بلندی تک تعمیر کی اجازت بھی جاری کر دی ہے،بتایا گیا ہے کہ تعمیراتی کام بین الاقوامی ماہرین اور تجربہ کار کنسلٹنٹس کی نگرانی میں انجام دیا جائے گا تاکہ عمارت کو عالمی معیار کے مطابق مکمل کیا جا سکے۔
برجِ قائد کراچی میں جدید شہری ترقی کی نئی علامت بنے گا، اس منصوبے سے نہ صرف سرمایہ کاری میں اضافہ متوقع ہے بلکہ کاروباری سرگرمیوں، روزگار کے مواقع اور شہری انفرااسٹرکچر کو بھی فروغ ملے گا،تعمیراتی شعبے سے وابستہ حلقے اس منصوبے کو پاکستان میں جدید ہائی رائز تعمیرات کے نئے دور کی شروعات قرار دے رہے ہیں۔