اٹلی کا ورک ویزا حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانی شہری ہوشیار ہوجائیں، راولپنڈی میں اٹلی کا ورک ویزا دلانے کا جھانسہ دے کر شہری سے 27 لاکھ 50 ہزار روپے ہتھیانے والے مبینہ ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل راولپنڈی نے کارروائی کرتے ہوئے اٹلی کا ورک ویزا فراہم کرنے کے نام پر شہری سے لاکھوں روپے وصول کرنے والے شخص کو گرفتار کیا ہے۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت راجہ وجاہت اقبال کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم کے خلاف ایف آئی اے کے متعلقہ تھانے میں مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم نے ایک شہری کی بیٹی کو اٹلی کا ورک ویزا دلوانے کا جھانسہ دے کر 27 لاکھ 50 ہزار روپے کی رقم وصول کی۔ رقم حاصل کرنے کے باوجود ملزم نے نہ تو وعدے کے مطابق ورک ویزا فراہم کیا اور نہ ہی متاثرہ خاندان کو رقم واپس کی۔
شکایت کنندہ کے مطابق رقم کی ادائیگی کے بعد جب ویزا فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا تو معاملہ مسلسل التوا کا شکار ہوتا رہا، جبکہ رقم کی واپسی بھی نہیں کی گئی، جس کے بعد ایف آئی اے سے رجوع کیا گیا۔
ایف آئی اے نے شکایت کی بنیاد پر تحقیقات کیں اور شواہد کی روشنی میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم راجہ وجاہت اقبال کو گرفتار کرلیا۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے، جس کے دوران اس بات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے کہ آیا ملزم نے اسی طریقے سے مزید شہریوں سے بھی رقم وصول کی یا اس فراڈ میں کوئی دوسرا شخص یا گروہ بھی ملوث ہے۔
ایف آئی اے حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ بیرون ملک ملازمت یا ورک ویزا دلانے کے نام پر کسی بھی شخص کو بھاری رقم دینے سے پہلے اس کی قانونی حیثیت اور متعلقہ دستاویزات کی مکمل تصدیق کی جائے، تاکہ جعل سازی اور مالی فراڈ سے بچا جا سکے۔