موٹرویز پر ٹریفک کے دباؤ میں نمایاں اضافہ متوقع ہے،احتیاط کریں، موٹروے پولیس

موٹرویز پر ٹریفک کے دباؤ میں نمایاں اضافہ متوقع ہے،احتیاط کریں، موٹروے پولیس

موٹروے پولیس نے عید کی تعطیلات کے اختتام پر سفر کرنے والے شہریوں کے لیے اہم سفری ہدایات جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر ٹریفک کے دباؤ میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، لہٰذا تمام مسافر احتیاط اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق عید کے بعد بڑی تعداد میں شہری اپنے آبائی علاقوں سے واپس مختلف شہروں کا رخ کرتے ہیں، جس کے باعث موٹرویز، قومی شاہراہوں، ٹول پلازوں اور آرام گاہوں پر غیر معمولی رش دیکھنے میں آ سکتا ہے، ایسی صورتحال میں ڈرائیور حضرات مقررہ رفتار کی پابندی کریں اور محفوظ سفر کو یقینی بنائیں۔

موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ لین ڈسپلن پر سختی سے عمل کریں، دورانِ ڈرائیونگ مکمل توجہ سڑک پر رکھیں اور سیٹ بیلٹ کا استعمال ہر صورت یقینی بنائیں،غیر ضروری سبقت لینے، تیز رفتاری اور گاڑی چلاتے وقت موبائل فون کے استعمال سے گریز کیا جائے کیونکہ یہ عوامل حادثات کی بڑی وجوہات میں شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :موٹروے پولیس نے بڑی شاہراہوں کے لیے ایڈوائزری جاری کر دی

ترجمان نے مزید کہا کہ غنودگی، نیند یا جسمانی تھکن کی حالت میں گاڑی چلانا انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، اگر ڈرائیور خود کو تھکا ہوا محسوس کرے تو مناسب آرام کے بعد ہی سفر جاری رکھے، شہری ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کریں اور محتاط انداز میں گاڑی چلائیں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

شدید گرمی کے پیش نظر موٹروے پولیس نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سفر کے دوران پانی، ضروری ادویات اور دیگر اہم اشیاء اپنے ساتھ رکھیں،سفر شروع کرنے سے قبل گاڑی کی مکمل جانچ بھی ضروری ہے، جس میں ٹائروں کا دباؤ، بریک، روشنیاں اور ایندھن کی مقدار شامل ہیں۔

والدین کو خصوصی ہدایت دی گئی ہے کہ سفر کے دوران بچوں کو گاڑی کی کھڑکیوں یا بالائی روشن دان سے باہر نکلنے کی اجازت نہ دیں کیونکہ معمولی سی غفلت بھی کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔

موٹروے پولیس نے شہریوں سے کہا ہے کہ سفر سے قبل ہیلپ لائن130 ، ایف ایم95 اور موٹروے پولیس کے سرکاری ذرائع سے تازہ ترین ٹریفک معلومات حاصل کریں۔

editor

Related Articles