پی آئی اےنے بعد از حج آپریشن کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے جس کے تحت حج کی ادائیگی کے بعد حجاج کرام کی وطن واپسی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے،اس سلسلے کی پہلی پرواز جدہ سے کراچی پہنچی جس میں ایک سو سے زائد حجاج کرام موجود تھے۔
ترجمان کے مطابق پرواز پی کے 860کے ذریعے حجاج کرام کو وطن واپس لایا گیا،کراچی کے ہوائی اڈے پر پہنچنے پر حجاج کرام کا پرتپاک استقبال کیا گیا،اس موقع پر قومی فضائی کمپنی کے ضلعی منتظم عمر خان اور دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے جنہوں نے واپس آنے والے حجاج کرام کو پھولوں کے ہار پہنائے اور خوش آمدید کہا۔
بعد از حج آپریشن کے دوران حجاج کرام کی سہولت اور ان کی بروقت واپسی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، پی آئی اے نے اس مقصد کے لیے جدہ اور مدینہ منورہ سے پاکستان کے مختلف شہروں اسلام آباد، لاہور، کراچی، فیصل آباد، ملتان، سیالکوٹ اور کوئٹہ کے لیے خصوصی پروازوں کا انتظام کیا ہے تاکہ حجاج کرام کو ان کے گھروں تک آسانی سے پہنچایا جا سکے۔
ترجمان کے مطابق یہ خصوصی آپریشن 30 جون تک جاری رہے گا، اس دوران مجموعی طور پر دو سو تیرہ پروازیں چلائی جائیں گی جن کے ذریعے تریپن ہزار سے زائد پاکستانی حجاج کرام کو وطن واپس لایا جائے گا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تمام پروازوں میں حجاج کرام کے آرام اور سہولت کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے اور ہر ممکن انتظام مکمل کر لیا گیا ہے،قومی فضائی کمپنی کے مطابق اس پورے آپریشن کی نگرانی اعلیٰ سطح پر کی جا رہی ہے اور چیف ایگزیکٹو آفیسر خود اس عمل کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ تمام مراحل مؤثر اور منظم انداز میں مکمل ہوں۔
حجاج کرام نے وطن واپسی پر خوشی کا اظہار کیا اور انتظامات کو سراہا، ان کا کہنا تھا کہ سفر کے دوران انہیں بہتر سہولیات فراہم کی گئیں اور واپسی کا عمل بھی منظم انداز میں جاری ہے۔