پنجاب میں آندھی،بارش اور ژالہ باری کا امکان،محکمہ موسمیات کی وارننگ جاری

پنجاب میں آندھی،بارش اور ژالہ باری کا امکان،محکمہ موسمیات کی وارننگ جاری

پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب نے صوبے بھر میں آندھی، بارشوں اور ژالہ باری کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

 نجی ٹی وی کے مطابق  پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 2جون سے5 جون تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسمی صورتحال غیر مستحکم رہنے کا امکان ہے اور مختلف علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں جن سے درجہ حرارت میں کمی اور موسم میں تبدیلی آئے گی۔

ترجمان کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، جہلم، چکوال، بھکر، لیہ، فیصل آباد، جھنگ، اوکاڑہ، گوجرانوالہ اور حافظ آباد سمیت کئی اضلاع میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ سرگودھا، میانوالی، شیخوپورہ، خوشاب اور منڈی بہاؤالدین میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، لاہور، سیالکوٹ، نارووال اور گردونواح کے علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارشیں متوقع ہیں جس کے دوران کہیں کہیں ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار رہیں۔

یہ بھی پڑھیں :آئندہ 24 گھنٹے موسم کیسا رہے گا؟محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کردیا

تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کے انتظامات کو یقینی بنائیں تاکہ بارش کی صورت میں پانی جمع ہونے کے مسائل سے بچا جا سکے۔

ڈی جی پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق تمام اداروں کو الرٹ رکھا گیا ہے اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے شہریوں کو بھی ہدایت کی کہ وہ گرج چمک اور آسمانی بجلی کے دوران کھلے مقامات پر جانے سے گریز کریں اور محفوظ جگہوں پر رہیں،کسان حضرات اپنی فصلوں کو ممکنہ نقصان سے بچانے کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات کریں جبکہ سیاح شمالی علاقوں کے سفر کے دوران خصوصی احتیاط برتیں۔

خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور پھسلن کے خطرات کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کی تاکید کی گئی ہے،محکمہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موسم کی صورتحال سے متعلق اپ ڈیٹس پر نظر رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورت میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں تاکہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

editor

Related Articles