وزیراعظم شہباز شریف سے ملک بھر کے چیمبرز آف کامرس کے وفد نے ملاقات کی جس کے دوران وفد نے آئندہ بجٹ اور ملک کی مجموعی معاشی ترقی کے لیے وزیراعظم کو اہم تجاویز پیش کیں۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مسلسل محنت سے معیشت کو استحکام ملا ہے اور تیز تر معاشی ترقی کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی ترقی اور پیداوار بڑھانے کے لیے آئندہ بجٹ میں مزید اقدامات کیے جائیں گے۔
وزیراعظم نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو ہدایت کی کہ ٹیکس ریفنڈ کے تمام زیر التوا کیسز 15 جون تک نمٹائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کا مشن اجتماعی کاوشوں سے یقینی بنایا جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ایکسپورٹ ری فنانس اسکیم کی شرح جون 2027 تک 4.5 فیصد پر برقرار رہے گی۔ انہوں نے برآمد کنندگان کی سہولت کے لیے بینکوں کے اس فیصلے کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
وزیراعظم نے ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ کا مرکزی دفتر کراچی منتقل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی درخواست پر گجرات میں پاسپورٹ دفتر کھولنے کی ہدایت بھی جاری کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ ایس ایم ای سیکٹر کی ترقی کے لیے اصلاحات حکومت کے معاشی ایجنڈے کا اہم حصہ ہیں۔ انہوں نے پاکستانی سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ جوائنٹ وینچرز کے ذریعے الیکٹرک وہیکلز کی مقامی پیداوار کو فروغ دیں۔
ملاقات کے دوران چیمبرز آف کامرس کے وفد نے وزیراعظم شہباز شریف، اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل کی امن کے فروغ کے لیے کوششوں کو سراہا۔ وفد نے کہا کہ کاروباری برادری معاشی ترقی اور روزگار میں اضافے کے لیے حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔