پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں لبنان پر اسرائیلی حملوں کی سخت مذمت کرتے کہا ہے کہ لبنان پر اسرائیل کے حملے عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔
اقوام متحدہ میں مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ اسرائیل حملے خطے میں امن کی کوششوں کو متاثر کررہے ہیں۔ پائیدار امن صرف بات چیت سے ہی ممکن ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان لبنان کی حکومت اور عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور پاکستان تناؤ میں کمی لانے کیلئے سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔
واضح رہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے جنوبی لبنان میں منصوبے کے مطابق کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے، سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں نیتن یاہو نے کہا کہ انہوں نے امریکی سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو واضح طور پر آگاہ کیا ہے کہ اگر حزب اللہ نے اسرائیلی شہروں اور شہریوں پر حملے بند نہ کیے تو اسرائیل بیروت میں دہشت گرد اہداف کو نشانہ بنائے گا۔
اسرائیلی نشریاتی ادارے کے مطابق نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ بیوفورٹ قلعے پر قبضہ ایک ’ڈرامائی قدم‘ اور پالیسی میں بڑی تبدیلی کی علامت ہے۔
قبل ازیں ایران کی طرف سے امریکا سے رابطے معطل کرنے کے بعد امریکی صدر ٹرمپ نے نیتن یاہو سے ہنگامی رابطہ کیا تھا اور ٹرمپ نے لبنان میں اسرائیلی کارروائیاں روکنے کا اعلان کیا تھا۔
علاوہ ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے لبنان میں جاری اسرائیلی کارروائیوں پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔