ہالی وڈ کے معروف فلم ڈائریکٹر مائیکل مان فائرنگ کے ایک حادثے میں زخمی ہوگئے، تاہم خوش قسمتی سے ان کی چوٹ معمولی نوعیت کی تھی اور طبی امداد کے بعد انہیں اسپتال سے فارغ کر دیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ امریکی شہر لاس اینجلس میں ہفتے کے روز پیش آیا، جہاں 83 سالہ مائیکل مان فائرنگ کی مشق (ٹارگٹ پریکٹس) کر رہے تھے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق مشق مکمل ہونے کے بعد جب وہ اپنا پستول ہولسٹر میں رکھ رہے تھے تو اچانک گولی چل گئی، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئے۔ انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
ڈاکٹرز نے ان کی انجری کو معمولی قرار دیتے ہوئے بتایا کہ گولی لگنے سے جلد کے نیچے موجود ٹشوز متاثر ہوئے تھے۔ ضروری طبی امداد کے بعد انہیں اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔ دوسری جانب پولیس نے بھی واقعے کو حادثاتی فائرنگ قرار دیا ہے۔ حکام کے مطابق مائیکل مان کا خود کو نقصان پہنچانے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔
واضح رہے کہ مائیکل مان کا شمار ہالی وڈ کے نامور کرائم اور تھرلر فلم ڈائریکٹرز میں ہوتا ہے۔ ان کی مشہور فلموں میں ’دی لاسٹ آف دی موہیکنز‘، ’ہیٹ‘ اور ’دی انسائیڈر‘ شامل ہیں۔ ان فلموں نے عالمی سطح پر خاصی مقبولیت حاصل کی۔